قاہرہ : مصر میں طلاق کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ مصر کے دارالافتاء کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہانہ طلاق کے تقریبا پانچ ہزار واقعات رجسٹرڈ ہورہے ہیں ۔مفتی اعظم نے کہا کہ ملک میں طلاق کی شرح میں اضافہ کا اہم سبب انٹر نٹ بھی ہے جس نے معاشرہ میں خاندانی نظام کر برباد کردیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی علام نے قاہرہ میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ طلاق کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلاق جیسا نا پسندیدہ عمل قومی سلامتی اور معاشرتی استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے ۔ڈاکٹر شوقی علام نے کہا کہ طلاق رجحان میں اضافہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مصر میں شادی کے پانچ سال کے اندر طلاق کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جو کہ خطرناک ہے ۔
مفتی اعظم نے کہا کہ ملک میں طلاق کے رجحان میں کمی لانے کیلئے لوگوں میں دینی شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ خاندانی نظام کو مربوط رکھنے میں معاونت کرنے والے اداروں کی بھی تربیت کی ضرورت ہے ۔
مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی علا م نے کہا کہ ان کے معلومات کے مطابق مصر میں طلاق کی ایک وجہ انٹر نیٹ کا استعمال ہے ۔ انٹر نیٹ میاں بیوی کے درمیان منفی اثرات مرتب کررہا ہے ۔