قاہرہ ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسلام پسندوں اور مصر کی سکیورٹی فورسیس کے مابین جھڑپوں کے نتیجہ میں تقریباً 16 افراد ہلاک ہوگئے ۔ مصر میں حسنی مبارک کی معزول کیلئے شروع کی گئی تحریک کے چار سال پورے ہونے پر احتجاجی مظاہرہ تشدد کی شکل اختیار کرگیا اور حکام نے بدامنی کا شکار شمالی سینائی علاقہ میں کرفیو نافذ کردیا ہے ۔ وزارت صحت کے ترجمان حسام عبدالغفار نے بتایا کہ احتجاجی مظاہروں میں 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ قاہرہ میں سب سے زیادہ 13 افراد ہلاک ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں جھڑپوں کے نتیجہ میں 38 افراد زخمی ہوئے ۔ 2011 ء میں عوام نے بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کیا تھا جس کے نتیجہ میں حسنی مبارک کو بحیثیت صدر معزول ہونا پڑا تھا ۔ اس واقعہ کے چار سال کی تکمیل پر ملک میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ۔