مصر میں اخوان المسلمین کے 9 قائدین گرفتار

قاہرہ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مصری حکام نے لاقانونیت کی حامل اخوان المسلمین کے 9 قائدین کو ایک دہشت گرد تنظیم سے ربط میں ہونے کے الزام کے تحت گرفتار کرلیا۔ ان پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ وہ موجودہ حکومت کا تختہ اُلٹنے کی سازش کررہے تھے۔ گرفتار شدہ قائدین میں عبدالرحمن المرسی جو اخوان کا قائد اور گروپ کے گائیڈنس آفس کارکن ہے۔ دریں اثناء کل سپریم اسٹیٹ سکیورٹی پراسیکیوشن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ تمام قائدین پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ مصر میں 2011ء کی عوامی بغاوت کے بعد اخوان نے جمہوری طور پر منعقدہ متعدد انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ 2012ء میں گروپ کے سینئر رکن محمد مرسی کو مصر کا صدر بھی بنایا گیا تھا تاہم ایک سال بعد ہی فوج نے مرسی حکومت کا تختہ پلٹ کر انہیں معزول کردیا تھا۔ اس کے بعد سے آج تک حکومت نے اخوان المسلمین اور دیگر مخالفین کے خلاف تادیبی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے جس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے اور ہزاروں افراد کو جیل بھیج دیا گیا۔