قاہرہ ۔ 28نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مصر کے جنوب مغربی شہر جیزا کے ایک سکیورٹی تلاشی مرکز پر موٹر سیکل سوار عسکریت پسندوں کے حملے میں کم سے کم چار ملازمین پولیس ہلاک ہوگئے ۔ سکیورٹی ذرائع نے کہاکہ نقاب پوش عسکریت پسندوں نے جو موٹر سیکل پر سوار تھے تفریحی علاقہ سکارا میں پولیس کے تلاشی مرکز کو اندھا دھند حملے کانشانہ بنایا ۔ پولیس ان حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہے۔ جنوری 2011 ء میں صدر حسنی مبارک کی معزولی کا سبب بنے والے انقلاب کے بعد مصر میں اس قسم کے عسکری حملوں میں شدت پیدا ہوئی ہے ۔ بالخصوص 2013 ء میں اسلامی تنظیم سے وابستہ صدر محمد مرسی کی فوجی بغاوت میں معزولی کے بعد پولیس اور فوج پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ بعد ازاں ہوئے ایسے حملوں میں تاحال 600 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ فوج اور پولیس نے بھی ان حملوں میں ملوث عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے ۔