قاہرہ ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آج کہا کہ مصر ’’دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے اگلے محاذ‘‘ پر ہے جبکہ انھوں نے مصری صدر عبد الفتح ال سیسی سے ملاقات کی جو اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردوں کے خلاف وسیع تر اتحاد استوار کرنے کیلئے اُن کی سعی کا حصہ ہے، جنھوں نے عراق اور شام میں زمین کے بڑے حصوں پر قبضہ کررکھا ہے۔ کیری جو علاقائی دورے کے حصے کے طور پر یہاں پہنچے، انھوں نے سیسی سے ملاقات کرنے سے قبل عرب لیگ کے سربراہ نبیل ال عربی سے ملاقات کی، جنھوں نے کہا کہ عرب مملکتوں نے اس خطہ میں انتہا پسندی کا سیاسی، معاشی، فوجی اور ثقافتی طور پر سامنا کرنے کا عزم کرلیا ہے۔ امریکہ دولت اسلامیہ العراق و بلاد الشام یا آئی ایس آئی ایل کے خلاف اپنی مہم کیلئے عرب حکومتوں سے حمایت جٹا رہا ہے۔ کیری نے سیسی سے ملاقات کے بعد اپنے مصری ہم منصب سمیع شکری کے ساتھ جوائنٹ پریس کانفرنس میں کہا، ’’ہم دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لڑائی میں ہیں۔ مصر دہشت گردی سے لڑنے کے اگلے محاذ پر ہے، بالخصوص جب سینائی میں انتہا پسند گروپوں سے لڑنے کا معاملہ ہو‘‘۔ شورش زدہ جزیرہ نما سینائی کے عسکریت پسندوں نے آئی ایس کیلئے حمایت ظاہر کی ہے۔