دبئی۔10جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور سینئر بیٹسمین یونس خان کی ناقابل تسخیر نصف سنچریوں کے باوجود سری لنکا کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میں پاکستان کو شکست سے محفوظ رہنے کی جدوجہد میں مصروف دیکھا جارہا ہے جیسا کہ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 132رنز اسکور کرلئے ہیں ‘ تاہم وہ سری لنکا کی پہلی اننگز کے اسکور 388سے ہنوز 91رنز پیچھے ہے۔ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی تباہ کن انداز میں ہوا ‘جیسا کہ 19رنز کے اسکور پر ہی اس کی ابتدائی تین وکٹیں گرچکی تھی۔ خرم منظور 22گیندوںمیں ایک چوکے کی مدد سے 6رنز ‘ دوسرے اوپنرس احمد شہزاد 7گیندوںمیں دو چوکوں کی مدد سے 9رنز اور محمد حفیظ چار گیندوں میں ایک رن بناکر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل رہے ۔ پاکستانی ٹاپ آرڈر کو شدید نقصان پہنچانے میں ابھرتے فاسٹ بولر نون پردیپ نے کلیدی رول ادا کیا جیسا کہ انہوں نے خرم منظور اور محمد حفیظ کو اپنانشانہ بنایا ۔
پاکستان کو ابتدائی نقصانات کے بعد سہارا دینے میں پھر ایک مرتبہ ٹیم کے دو سینئر بیٹسمینوں نے اپنا رول ادا کیا ہے ‘جیسا کہ یونس خان 142گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 62رنز اسکور کرلئے ہیں جب کہ مصباح الحق نے 119گیندوںمیں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو مزید کسی نقصان سے محفوظ رکھا ہے ۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تاحال 113رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے ۔ سری لنکا کیلئے پردیپ نے 10اوورس میں 28رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے جب کہ رنگنا ہیرتھ نے 21اوورس میں 58رنز دے کر شہزاد کی وکٹ اپنے نام درج کرلی ہے۔ قبل ازیں سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور 318/4سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پہلی اننگز میں 388رنز بنائے۔ مہیلا جئے وردھنے نے 129رنز کی اننگز کھیلی جب کہ انجیلو میتھوز 42رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کیلئے جنید خان نے 102رنز کے عوض تین اور راحت علی نے 131رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ سعید اجمل نے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 34اوورس میں 56رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔