مصباح الحق ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کے خواہاں

لاہور۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کے بارے میں سوچنا شروع کردیا ہے اور انھوں نے عندیہ دیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ان کی آخری سیریز بھی ہوسکتی ہے لیکن ابھی اس بارے میں انھوں نے حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم اس ماہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہورہی ہے۔مصباح الحق ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں۔ان کی قیادت میں پاکستان نے 18 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔مصباح نے کہا کہ ان دنوں وہ انگلینڈ کے خلاف اہم سیریز کے ساتھ ساتھ تمام تر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ممکنہ سبکدوشی کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔انہوں نے یہ واضح کردیا کہ یہ فیصلہ سیریز کے نتیجے کی بنیاد پر نہیں ہوگا بلکہ اس بنیاد پر ہوگا کہ وہ خود کھیل سے کتنے لطف اندوز ہورہے ہیں،کتنے جذبے سے کھیل رہے ہیں اور ٹیم کے کتنے کام آسکتے ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب ا مارات میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم انگلینڈ اور آسٹریلیا کے دورے بھی کرے گی۔