مشیرآباد میں ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ

حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) مشیرآباد پولیس نے ایک ڈاکٹر کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 25سالہ وشال نامی شخص کی صحت بگڑنے پر اس ڈاکٹر نے علاج کیا تھا۔ پولیس مشیرآباد کے مطابق وشال جو مشیرآباد علاقہ کا ساکن تھا مادھاپور کے علاقہ میں سیلز ایکزیکیٹو کی خدمات انجام دے رہا تھا 28جون کو اس کی صحت اچانک خراب ہوئی اس نے مقامی ڈاکٹر سنجو سے علاج کروایا۔ جس کے مشورہ پر اس نے ادویات کا استعمال کیا تاہم اس کی صحت مزید بگڑ گئی، دوبارہ اس ڈاکٹر نے ادویات کا مشورہ دیا جس کے بعد صحت مزید بگڑ گئی اور وہ فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔