انڈر 17 فیفا ورلڈ کپ کیلئے انڈین ٹیم کا حوصلہ بلند کرنا مقصد
حیدرآباد۔28ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ’’ مشن XI ملین ‘‘ کی تلنگانہ ٹیم نے ساری ریاست میں مجموعی طور پر 10 سمیناروں کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے زائد از 2300 اسکولوں کا احاطہ کیا اور موجودہ طور پر انڈیا میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کی ہے ۔ اس اجتماعی تحریک کا مقصد بچوں کو فٹبال کھیلنے کی طرف راغب کرنا اور اُن کے عادات و اطوار کو بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہے نیز اُن میں ٹیم ورک اور اسپورٹس مین اسپرٹ بھی پیدا کرنا اہمیت مقصد ہے ۔ ملک بھر میں 15000 سے زیادہ اسکولوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے ہر ریاست کا احاطہ کیا جارہا ہے اور 35 مختلف شہروں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس پروگرام کو تین نمایاں زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جو ٹریننگ سمینار‘ اندرون اسکول سرگرمیاں اور فٹبال فسٹیول کا انعقاد کرنا ہے ۔ ای ایس شیام آرگنائزنگ سکریٹری کی اطلاع کے بموجب آئندہ ماہ انڈر 17 فیفا ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم حصہ لینے جارہی ہے اور قومی ٹیم کے حوصلے بڑھانے کیلئے ملک کی تمام تر فٹبال برادری ‘ اسپورٹس برادری اور کھیلوں کے مختلف شعبوں کے بین الاقوامی نمائندے مشن XIملین میں حصہ لے رہے ہیں ۔ اب تک کہ پروگراموں میں وینکٹیشور ریڈی ایس اے ٹی چیرمین کے علاوہ مختلف کھیلوں سے وابستہ ارجن ایوارڈ یافتہ حبیب خان ( فٹبالر) ‘ امل راج ( سابق انڈین کیپٹن ) ‘ مکیش ( ہاکی ) ‘ اڈورڈ الوئیز ( اولمپین ) ‘ پی وی رمنا ( والی بال ) ‘ روی کانت ریڈی ( والی بال ) اور میتھالی راج ( کرکٹ) شامل ہیں ۔ 2 اکٹوبر کو یہاں لال بہادر اسٹیڈیم میں مشن XI ملین پروگرام کے ساتھ ساتھ’ سوچھ بھارت ‘کے فروغ کا ایونٹ بھی مقرر کیا گیا ہے ۔ اسٹیٹ کوآرڈینیٹرس پرکاش گوپال اور ای ایس شیام اس پروگرام اور ایونٹ کے انعقاد کی نگرانی کریں گے ۔