مشن بھگیرتا کے کاموں کی موسم گرما تک تکمیل ناممکن

زیرزمین سطح آب میں کمی، کریم نگر میں روزانہ آبی سربراہی مشکل

کریم نگر۔ 7 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس حکومت کا بار بار اعلان گھر گھر نلوں کے ذریعہ گوداوری آب کی سربراہی انتہائی اہمیت کے حامل پروگرام مشن بھگیرتا کے کام فی الحال اس موسم گرما تک تو پورے ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں اور ادھر کریم نگر کے ریاستی قائدین رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ اور مجلس بلدیہ کا بار بار یہ اعلان کے دن کے 24 گھنٹے نل کے پانی کی سربراہی اعلان کی حد تک ہی ہے۔ عمل آوری نہیں ہوپارہی ہے۔ کریم نگر میں سڑکوں کی ترقی توسیع سبھی کام ادھورے ہیں۔ اسمارٹ سٹی صاف صفائی گرین اینڈ کلین سٹی کا خواب جھوٹا نظر آرہا ہے۔ پرانے پختہ موریوں کو توڑ ڈالا گیا۔ لاکھوں کروڑوں روپئے برباد کردیئے گئے۔ سیمنٹ کی موریوں کی تعمیر کی گئی ہے اور کی جارہی ہیں۔ سلاب ڈالے گئے ہیں۔ کہیں کھلے بھی چھوڑ دیئے گئے۔ ان نوتعمیر شدہ موریوں میں کوڑا کچرا جمع ہوکر جگہ جگہ گندہ پانی جمع ہوگیا۔ مچھروں کی افزائش ہورہی ہے، بدبو پھیل رہی ہے۔ دوسری جانب محکمہ بلدیہ کو صاف صفائی میں ایوارڈ ملنے کی بات کی جارہی ہے۔ انڈر گراؤنڈ ڈرینج کا کام ادھورا ہے۔ بعض مقامات پر سڑکوں پر چلنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ پھر بھی اسمارٹ کے گن گائے جارہے ہیں۔ گھر گھر پانی 24 گھنٹے تو دور کی بات ہے۔ اس موسم گرما میں کم از کم دو دن میں ایک وقت کا پانی بھی دیا جانا مشکل نظر آرہا ہے۔ مانیر ڈیم میں پانی کم ہوتا جارہا ہے۔ کریم نگر کے بعض محلوں بور سوکھ چکے ہیں۔ باؤلیوں میں پانی نہیں ہے۔ اس لئے نل کے پانی کو استعمال کیا جارہا ہے۔ پائپ لائن لگانے کا کام بھی سست رفتاری سے ہورہا ہے۔ ریزرو وائر کے پاس گلیوں انٹر کنکشن کام نہیں ہوپائے ہیں۔ ہاؤزنگ بورڈ کالونی رام نگر کے علاقوں میں ریزروائر کی تعمیر چل رہی ہے۔ پانی کو صاف کئے جانے کے مرکزوں کے پاس فلٹر بیڈ کے کام بھی پورے نہیں ہوئے ہیں۔ شاتاوہانہ یونیورسٹی کے پاس پہاڑی ٹیکرے پر تعمیر کئے جارہے ریزروائر کے کام بھی نہیں ہوئے ہیں۔ کریم نگر شہر امبیڈکر نگر بھگت نگر ریزروائر کے حدود میں پینے کے پانی کی قلت کا سامنا نہ ہونے کیلئے زیرتعمیر سمپ کے کام دو سال سے چل رہے ہیں۔ پورے ہوجانے پر اس علاقے میں سربراہی آب کی قلت نہ ہوگی۔ شہر کے بہت سارے مقامات پر زیرزمین آبی سطح میں بہت کمی آچکی ہے۔ ماہ مارچ کی آمد تک زیرزمین سطح آب مزید نیچے چلے جائے گی۔ نئے بور ڈالے جانے پر شاید ایک ہزار فٹ تک بھی پانی دستیاب نہ ہوگا۔ شہر کریم نگر کے مضافات میں ذخیرہ آب مانیر ڈیم ہے۔ اس لئے تاحال پانی کی شدید قلت کا سامنا نہیں ہوپایا۔