مشن بھاگیرتا کے تحت مواضعات میں پانی کی سربراہی

دورۂ ظہیرآباد کے موقع پر وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا خطاب

ظہیرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کے آج ایک روزہ طوفانی دورہ کے موقع پر طئے شدہ پروگراموں میں شرکت کرنے کے بعد رائل کورٹ فنکشن ہال میں شادی مبارک و کلیانا لکشمی اسکیموں کے تحت منظورہ چیکس کی تقسیم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ قدیم ضلع میدک میں شامل تمام اسمبلی حلقہ جات کے مقابلہ میں سب سے زیادہ چیکس حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں تقسیم کئے گئے۔ اس تقریب 434 شخصیتیں میں 2 کروڑ 44 لاکھ 24 ہزار 200 کے مالیتی چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں جبکہ کانگریس کے زیراقتدار پڑوسی ریاست کرناٹک میں اس طرح کی کوئی اسکیم نہیں۔ اس اسکیم کے تحت فی کس 75,116 روپئے بلالحاظ مذہب و ملت تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے سرکاری دواخانوں کو عصری آلات سے لیس کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ دواخانہ کے متعلق عوام میں اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے مشن بھاگیرتا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ختم سال تک جھرہ سنگم اور نیالکل کے تمام مواضعات میں نلوں کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں ڈبل بیڈروم اسکیم کے تحت 700 مکانات کی منظوری عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے موضع پستاپور میں 30 ایکر اراضی پر زرعی مارکٹ کمیٹی کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے میونسپلٹی ظہیرآباد میں روڈ اور ڈرین کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپئے منظور کئے۔ انہوں نے ایریا ہاسپٹل ظہیرآباد میں آئی سی یو کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے ایم سی ایچ کی منظوری کا بھی تیقن دیا۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ لوگ اپنی برادری کی تکمیل کے لئے اللہ سے دعا کرتے ہیں جبکہ بیمار پڑجائیں تو صحت یاب ہونے کی امید ڈاکٹروں سے کرتے ہیں انہوں نے نارائن کھیڑ میں گائناکالوجسٹ کے فوری تقرر کیلئے ڈی ایم ایچ او کو ہدایت دی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاستی حکومت تمام امراض کی ادویات دواخانوں کو مہیا کررہی ہے۔ ڈاکٹروں کو چاہئے کہ وہ ایک روپئے کی دوا بھی مریضوں سے نہ منگوائیں۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل اور ایم ایل سی محمد فریدالدین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سرکردہ قائدین شبانہ بیگم صدرنشین بلدیہ ظہیرآباد چرنجیوی پرساد، ڈی لکشما ریڈی، کشن پوار، پی رام کرشنا ریڈی، اوما کانت پاٹل، کے مانک راؤ، پانڈو رنگاریڈی، محمد یعقوب، شیخ فرید، شراونتی، ایم پی ٹی سیز، کونسلرس، سرپنچ اور عوام کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی جبکہ سرکاری عہدیداروں میں جوائنٹ کلکٹر وینکٹیشورلو، آر ڈی او محمد عبدالحمید، ایم آر راتھوڑ ڈی ایم ایچ او اور دوسروں نے شرکت کی۔ قبل ازیں ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے موضع پستاپور میں اپرپرائمری اردو اسکول کی نئی عمارت کا رسم افتتاح انجام دینے کے بعد مزید 3 اضافی کمرہ جماعت کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد بھی رکھا۔ بعدازاں انہوں نے بابو موہن کالونی میں ڈرین کی تعمیر کے سنگ بنیاد کے علاوہ فروٹ مارکٹ میں شجرکاری بھی انجام دی۔