ممبئی ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان نے کچھ کاٹ دار بولنگ کے خلاف جدوجہد کے بعد اچھی واپسی کرتے ہوئے بنگال کو سید مشتاق علی T20 ٹورنمنٹ کے گروپ B میچ میں 14 رنز سے آج یہاں شردپوار انڈور اکیڈیمی واقع باندرہ کرلا کامپلکس میں شکست دیدی۔ بیٹنگ کی دعوت دیئے جانے پر راجستھان نے 137/9 اسکور کئے جو کپتان راجیش بشنوئی کے 18 گیندوں میں تیزرفتار 36 اور اوپنر انکیت لامبا کے 34 گیندوں میں 37 رنز کے بل بوتے پر ممکن ہوا۔ جواب میں بنگال اچھی شروعات کرتے ہوئے 7 ویں اوور میں 49/1 پر تھا اور تیزی سے رنز بٹور رہے تھے کہ وہاں سے ردھم کھو دیا اور 123/7 پر اختتام کیا جو دو دنوں میں اُن کی دوسری شکست ہوئی۔ وہ کل بڑودہ سے ہارے تھے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان نے اوپنر سوریہ پرکاش سوالکا (0) کو کھو دیا جو تیسرے اوور میں بولڈ ہوگئے لیکن تیسرے نمبر کے بیٹسمن دیویا پرتاپ سنگھ (30) اور لامبا نے 59 رنز کی رفاقت نبھاتے ہوئے ٹیم کو اچھی بنیاد فراہم کی۔ مگر وہ 5 گیندوں میں 4 وکٹیں گنوا بیٹھے اور 69/5 پر پریشان حال تھے جبکہ بنگال کیپٹن سوراشیش لہیری نے لامبا، پنیت یادو اور نریش گہلوٹ کو آؤٹ کرتے ہوئے چار گیندوں میں تین وکٹیں لئے۔ تاہم وہ اپنے اگلے اوور میں 20 رنز دے بیٹھے۔ سورو مونڈل، سندیپن داس اور سنجیب سانیال نے فی کس دو وکٹیں لئے۔ جب بنگال نے ٹارگٹ کا تعاقب کیا تو اوپنر ویویک سنگھ کے 40 گیندوں میں 48 کے سواء کوئی بھی بیٹسمن قابل لحاظ اسکور نہیں کرپایا اور ٹیم نے وقفے وقفے سے وکٹیں کھوئے۔ راجستھان کے لیفٹ آرم اسپنر گجیندر سنگھ پریہار نے 3/14 کا مظاہرہ کیا جبکہ ریتوراج سنگھ نے 11 رنز کے عوض دو وکٹیں لئے۔