بودھن ۔ 10 ؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراؤ کی خواہش پر حیدرآباد کے مسلم دانشوروں کاایک وفد بودھن پہنچا اور یہاں کی عوام میں ٹی آر ایس پارٹی کے لئے پائے گئے جوش و خروش کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا ۔ بعدازاں صحافیوں سے با چیت کرتے ہوئے ادعا کیا کہ کے سی آر کی قیادت پر مقامی افراد خاص کر مسلم رائے دہندے مکمل بھروسہ کرتے ہیں ۔ اس وفد میں شامل حیدرآباد چارٹیبل ٹرسٹ کے رکن نیر نے بودھن کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے حلقہ پارلیمان نظام آباد کی ٹی آر ایس پارٹی امیدوار کے ۔ کویتا کو اپنا ووٹ دے کر انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کریں ۔ انہوں نے کہامسلمانان ہند کو چاہئے کہ قومی سطح پر رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کو محسوس کرتے ہوئے مسلمان آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کے سی آر کی قیادت کو قبول کریں جو وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ حیدرآباد سے بودھن پہنچنے والے وفد میں شاہد خان ‘ سیف خان بھی شامل تھے ۔ مذکورہ افراد نے حلقہ اسمبلی بودھن کے پسماندہ مسلم بستیوں کا دورہ کیا اور وہاں رائے دہندوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ٹی آر ایس کی امیدوارکے کویتا کے امتیازی نشان کار کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر و مقامی قائدین موجود تھے ۔