گوداوری کھنی۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گوداوری کھنی میں بلدی ڈیویژن 20 کے علاقہ میں ٹی آر ایس میناریٹیز کارکن محمد لیاقت علی کی زیر قیادت مسلم نوجوانوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ مقامی ٹی آر ایس ایم ایل اے ایس ستیہ نارائنا راؤ نے ان نوجوانوں کو پارٹی کھنڈوا ڈال کر ٹی آر ایس میں شامل کرلیا۔ اس موقع پر محمد عظیم، محمد حمید علی، جاوید، خالق، سلیم، راجو، سرینواس اور دیگر ٹی آر ایس کارکن موجود تھے۔
لنگم پیٹ میں پولیس ایکٹ کا نفاذ
یلاریڈی۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے موقع پر منڈل لنگم پیٹ میں پولیس ایکٹ 30 نافذ کردیا گیا ہے۔ منڈل سب انسپکٹر مسٹر راکیش نے مزید بتایا کہ انتخابی کوڈ نافذ کئے جانے پر یکم اپریل تک کسی قسم کا دھرنا، ریالی، اجلاس وغیرہ کو اجازت نہیں ہوگی۔ ڈی ایس پی کی بناء اجازت اگر کوئی پروگرام منعقد کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی ایس پی کی اجازت کے بعد ہی کوئی بھی پروگرام کیا جاسکتا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کا ہر ایک کو خیال رکھنا اور اس پر عمل آوری کرنے کا مشورہ دیا۔
سیاست ملت فنڈ میں عطیہ
تانڈور۔/5مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب سید اصغر حسین سینئر لکچرر DIET( موظف ) نے سیاست ملت فنڈ میں تانڈور کے قارئین اخبار سے جمع کی گئی ردی کی رقم جناب زاہد علی خاں صاحب ایڈیٹر ’سیاست‘ کے حوالہ کی۔ جناب سید اصغر حسین نے تانڈور کے قارئین سے درخواست کی ہے کہ وہ اخبارات کی ردی کو ملت فنڈ میں دیں تاکہ اس سے فلاحی کام انجام دیئے جاسکیں۔