مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد میں اضافہ پر اظہار تشکر

سنگاریڈی۔/23اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قائد ٹی آر ایس سنگاریڈی جناب محمد خواجہ خاں نے میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے ’ کلیانہ لکشمی‘ اسکیم کے تحت 51ہزار روپئے کی مالی امداد کی منظوری سے متعلق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی جانب سے مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے دی جانے والی 26ہزار کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ حکومت تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ 51 ہزار روپئے کردینے کا اعلان یقینا ایک مستحسن اقدام ہے۔ محمد خواجہ خاں نے وزیر اعلیٰ کے اس اعلان پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم لڑکیوں کے والدین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس خصوص میں وزیر اعلیٰ کا یہ اقدام ایک نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ اس اعلان سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی ہمہ جہت ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے علاوہ مسلمانوں کیلئے قرضوں کی اجرائی کی اسکیم بھی متعارف کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لڑکیوں کی شادیوں کیلئے وزیر اعلیٰ حکومت تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے مالی امداد سے متعلق کئے گئے اعلان پر ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔