مسلمانوں کے خلاف نسل پرستی نامنظور: سعودی عرب

ریاض۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)سعودی عرب کی حکومت نے مغرب میں پناہ گزینوں اور مسلمانوں کیخلاف پیدا ہونے والی حالیہ نفرت اور اس کے نتیجے میں دشمنی و نسل پرستی کے مظاہر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ریاض حکومت نے مغرب میں مسلمانوں اور مسلم ملکوں سے آنے والے پناہ گزینوں کے حوالے سے ذرائع ابلاغ اور سیاسی سطح پر اختیار کیے گئے نسل پرستانہ مظاہر کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔سعودی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور عالمی ذرائع ابلاغ مسلمانوں کیخلاف نفرت، دشمنی اور نسل پرستی کے واقعات کی روک تھام کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔مسلمان پناہ گزین اپنے ملک کی ظالم حکومتوں اور دہشت گرد تنظیموں سے تنگ آکر دوسرے ملکوں کو منتقلی پرمجبور ہیں۔ انسانی جذبے کے تحت ان کی مدد کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ انہیں مسلمان سمجھ کرانتقامی کارروائیوں اور نسل پرستی کی بھینٹ چڑھانا کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔