بلیا (یوپی) 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر رام گووند چودھری نے آج الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندر مودی کا بیان کہ ہندوستان کے مسلمان اپنے وطن کے لئے جئیں گے اور مریں گے دراصل امریکہ کو خوش کرنے اور اپنی فرقہ وارانہ شبیہہ کو چھپانے کی کوشش ہے۔ یوپی کے وزیر ابتدائی تعلیم نے وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ، وی ایچ پی اور ہندو جاگرن منچ اور دیگر ہندوتوا تنظیموں سے بھی اسی طرح کے خیالات ظاہر کرنے کی ہدایت دیں۔ ہندوتوا تنظیموں کو بھی یہی نظریہ اختیار کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سماج وادی پارٹی کے صدر اکثر کہتے ہیں کہ بی جے پی کو مسلمانوں کے تعلق سے اپنا ذہن بدلنے کی ضرورت ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مودی نے اب اس بات کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ مودی نے صرف ملائم سنگھ یادو کے خیال کو دوہرایا ہے کہ مسلمان حب الوطن ہیں۔ رام گووند چودھری نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم کا یہ بیان امریکہ کو خوش کرنے کے لئے ایک مجبوری کے تحت دیا گیا ہے
اور وہ اپنی فرقہ وارانہ امیج کو بھی پوشیدہ رکھنا چاہتے ہیں۔ وہ مسلمانوں کے تعلق سے کچھ بھی کہیں یا اقدامات کریں اپنے چہرے پر لگے داغ کو دھو نہیں سکتے۔ یوپی کی وزیر اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن امبیکا چودھری نے نریندر مودی کے بیان کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ انھیں بیان دینے سے قبل اپنی پارٹی کے مسلمانوں کا اعتماد جیتنے کی کوشش کرنی چاہئے تھی۔ جس سے معلوم ہوسکے کہ وہ اس بات کو سنجیدگی سے اختیار کرچکے ہیں۔ انھیں مسلمانوں کی حب الوطنی پر بیان دینے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ مودی کو یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی قائدین کا رویہ ان کے نظریات و خیالات سے ہم آہنگ ہو۔ اس موضوع پر بی جے پی کے دیگر قائدین کو بھی اپنے وزیراعظم کے خیالات کے مطابق رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہاکہ ہندوستانی مسلمان ہندوستان کے لئے جئیں گے اور مریں گے اور یہ کہ وہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اشاروں پر کام نہیں کریں گے۔