مسلمانوں کی ترقی سے متعلق اسکیمات پر عمل تیز کیا جائے

حیدرآباد میں منعقد ہ جائزہ اجلاس سے صدر کمیٹی اے کے خان کا خطاب
حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کو اقلیتی طبقات بالخصوص مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی کے بارے میں تجاویز پیش کرنے کیلئے قائم کردہ کمیٹی نے آج حیدرآباد میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت کو پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لیا۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں کو کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے اور چیف منسٹر نے انہیں بطور خاص یہ ذمہ داری دی ہے کہ وہ اقلیتوں کے مختلف شعبہ جات سے مشاورت کے بعد حکومت کو جامع رپورٹ پیش کریں۔ اے کے خاں نے آج سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور آئندہ سال بجٹ میں نئی اسکیمات کے آغاز کی تجاویز کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اے کے خاں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جاریہ اسکیمات کے نتائج کے ساتھ ساتھ نئی اسکیمات کے بارے میں تجاویز پیش کریں کیونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر کا احساس ہے کہ اقلیتوں میں تعلیمی پسماندگی دیگر مسائل کی اہم وجہ ہے۔ اگر مسلمان تعلیمی طور پر ترقی یافتہ ہوجائیں گے تو ان کی معاشی پسماندگی از خود ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے ہر ضلع میں اقلیتوں کیلئے اقامتی مدارس اور ہاسٹلس کے قیام کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اے کے خاں کے ساتھ مسلمانوں کے مسائل پر کئی مرتبہ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری دی۔ چیف منسٹر اقلیتی بہبود کیلئے مختص کردہ بجٹ کے خرچ سے مطمئن نہیں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اسکیمات پر شفافیت کے ساتھ عمل آوری کے علاوہ بجٹ بھی خرچ کیا جائے۔ جاریہ سال محکمہ اقلیتی بہبود نے 350کروڑ روپئے خرچ کئے جبکہ حکومت کی جانب سے 486کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اے کے خاں نے اسکیمات پر عمل آوری کی رفتار تیز کرنے کا مشورہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اندرون ایک ہفتہ حکومت کو رپورٹ پیش کردیں گے۔ حکومت کو پیش کی جانے والی نئی اسکیمات میں تعلیمی ترقی سے متعلق اُمور کو ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری اسکیمات میں اقلیتوں کو آبادی کے اعتبار سے نمائندگی اور سرکاری ملازمتوں میں موثر نمائندگی کیلئے تجاویز شامل کی جائیں گی۔ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات میں جس طرح سوشیل سائنسیس کا پرچہ تلگو زبان میں جواب دینے کی گنجائش فراہم کی گئی ہے اسی طرح اردو زبان میں پرچہ کی فراہمی پر غور کیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ اے کے خاں کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر نہ صرف اقلیتی بہبود میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیاں کی جائیں گی بلکہ آئندہ سال بجٹ میں اضافہ اور نئی اسکیمات کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے تمام اداروں اور جاریہ اسکیمات کی رپورٹ پیش کردی ہے۔