مسلمانوں کیلئے چیف منسٹر کے اعلان کا خیرمقدم

محبوب نگر ۔ 18مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت نے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے مسلمانوں کی پسماندگی کے پیش نظر جاریہ اسمبلی سیشن میں چیف منسٹر کے بیان اور اعلانات کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انڈین یونین مسلم لیگ قائدین نے ایک پریس کانفرنس میں مشترکہ طور پر کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے اس اعتراف اور بیان پر مسرت کا اظہار کیا کہ مسلمانوں کے ساتھ تمام ادوار میں ناانصافی ہوتی رہی ہے لیکن اب مسلمانوں کی ترقی کیلئے تعلیمی ‘ معاشی ‘ سیاسی اور سماجی میدانوں میں حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔ ریاست میں قیمتی اوقافی جائیدادیں ہونے کے باوجود اس سے مسلمانوں کو استفادہ کے مواقف نہیں مل سکے ہیں ۔ انہوں نے ریاست کے مسلمانوں کو بہرحال ترقیاتی میدانوں میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ مسلم لیگ قائدین ریاستی صدر محمد امتیاز کے علاوہ نائب صدر زاہد زبیدی ‘ عبدالقادر ‘ ریاستی خازن مرزا قدوس بیگ ‘ ضلع کنوینر یوسف نقشبندی ‘ سراج الدین ‘ ایمد الدین کے علاوہ دیگر کارکنان نے بھی حکومتی بیانات اور اعلانات کا خیرمقدم کیا ہے اور توقع ظاہر کی کہ چیف منسٹر اپنے ان اعلانات کو عملی جامہ ضرور پہنائیں گے ۔