مسلمانوں کو ہندو جذبات کا احترام سیکھنا چاہئے : اشوک سنگھل

نئی دہلی 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وشوا ہندو پریشد کے کنوینر اشوک سنگھل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات 2014 ء میں بی جے پی کی کامیابی سے ’’مسلم سیاست کو دھکہ‘‘ پہونچا ہے۔ اِس تبصرہ پر شوروغل پیدا ہوگیا تھا۔ کانگریس نے نہ صرف سنگھل کے اِس بیان کی مذمت کی تھی بلکہ بی جے پی پر بھی تنقید کی تھی۔ کانگریس قائد منیش تیواری نے کہاکہ سنگھل کا بیان قابل مذمت ہے۔ پارٹی کا حقیقی رنگ ظاہر ہوچکا ہے کہ وہ اقلیت کی کیسے حفاظت کرے گی۔ ایک اور کانگریس رکن راجیو شکلا نے کہاکہ نریندر مودی بھی غالباً اشوک سنگھل کے بیان سے اتفاق نہیں کریں گے۔ شیوسینا کے سینئر قائد و رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہاکہ ہندوستان ہر ایک کا ہے اور ہر ایک مساوی ہے۔ اِس بار مسلم ووٹ بینک سیاست کام نہیں کرسکی۔ اشوک سنگھل نے کہا تھا کہ لوک سبھا انتخابات سے صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔ بی جے پی کی مسلمانوں کی تائید کے بغیر کامیابی کے بعد مسلمانوں کو چاہئے کہ ہندوؤں کے جذبات کا احترام کرنا سیکھیں۔