مسلمانوں کو کتے پسند نہیں، پارک میں مت ٹہلائیں، مشرقی لندن میں انتباہ

لندن۔ 31 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس ایسٹ لندن پارک میں لگے اس وارننگ بورڈ کی تحقیقات کررہی ہے جس پر لکھا ہے کہ مسلمان کتوں کو پسند نہیں کرتے اس لئے کتوں کو یہاں مت ٹہلائیں۔ یہ وارننگ بارٹ لٹ پارک پوپلر میں بورڈ پر لکھی ہے۔ اس پر درج ہے کہ اب یہ مسلم علاقہ ہے، مسلمانوں کو کتے پسند نہیں اس لئے یہاں کتوں کو مت ٹہلائیں۔ لیبر ایم پی نے اس وارننگ کو ناقابل قبول اور اشتعال انگیز قرار دیا اور ایک ڈاگ واکر کی اس سائن بورڈ پر تشویش پر الرٹ کئے جانے کے بعد پولیس کو طلب کیا۔

لیبر کے جم فٹز پیٹرک نے پولیس سے کہا کہ یہ پتہ لگایا جائے کہ یہ سائن بورڈ مذہبی انتہا پسندوں نے لگایا ہے یا فار رائٹ گروپ جیسا کہ انگلش ڈیفنس لیگ (ای ڈی ایل)۔ پوپلر اینڈ لائم ہاؤس ایم پی جم فٹز پیٹرک نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ اگر یہ ای ڈی ایل نے لگایا ہے تو یہ اشتعال انگیز ہے اورمذہبی انتہا پسندوں نے لگایا ہے تو نسل پرستانہ ہے یہ عدم برداشت کی ایک اور مثال ہے کیونکہ ایسی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ کام اسلام پسندوں نے کیا ہے۔یہ ان لوگوں کا کام بھی ہوسکتا ہے جو سوسائٹی میں انتشار اور نفاق پیدا کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں جو بھی اس کا ذمہ دار ہے اس کا پتہ لگایا جائے۔