سنگاریڈی ۔ 4جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے مستقر سنگاریڈی کے خدمت بینک کا جناب ایم ایچ کھٹکھٹے ( اڈوائیزر تاسیس آڈٹ) نے دورہ کرتے ہوئے بینک کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ تمام اُمور کا جائزہ لینے کے بعد بینک کی کارکردگی کی ستائش کی ۔ واضح رہے کہ جناب ایم ایچ کھٹکھٹے چیرمین و اڈوائیزر تاسیس آڈٹ یعنی ( تقویٰ ‘ اڈوائزری اینڈ شرعیہ انوسٹمنٹ سلوشن پرائیوٹ لمٹیڈ ممبئی ہیں ۔جناب ایم جی انور صدر خدمت بینک سنگاریڈی جناب محمد اطہر محی الدین شاہد سابق صدر خدمت بینک نے کہا کہ سنگاریڈی خدمت بینک کا سالانہ ٹرن اوور 8کروڑ روپئے ہے جبکہ ماہانہ ٹرن اوور 45لاکھ روپئے ہے ۔ ملک کے بینکیں صرف دولت مند افراد کو ہی قرضہ جات جاری کرتے ہیں‘ سود خود اور ساہوکار غریب اور محنت کشوں کا خون چوس رہے ہیں ۔ اس صورتحال کو بدلنے اور مسلمانوں کو سود کی لعنت سے محفوظ کیلئے خدمت میوچول ایڈڈ کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی لمٹیڈ کے زیراہتمام سنگاریڈی میں بلاسودی قرضہ جات کی اجرائی کیلئے خدمت بینک قائم کیا گیا ہے جو کہ کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے ۔ خدمت سوسائٹی عوام اور غریب ‘ مستحق ‘ محنت کش تاجرین کی سوسائٹی ہے ۔ اس میں اپنی رقوم جمع کروائیں اور محنت کش تاجرین بلا سودی قرضہ جات حاصل کرتے ہوئے اپنے کاروبار کو پروان چڑھائیں اور سود کی لعنت سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سہولت فینانس دہلی کے زیراہتمام ملک کے سارے بلاسودی سوسائٹیز کی جانب سے چلائے جارہے بلاسودی بینکس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی اور استفادہ کنندگان سے انٹرویو بھی لیا گیا ۔ دریں اثناء آج ضلع کرنول کے یمیگنور کا ایک نمائندہ وفد بھی خدمت بینک سنگاریڈی پہنچ کر بینک کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور بینک کی کارکردگی سے متاثر ہوکر اپنے مقام یمیگنور میں خدمات بینک کے قیام کے سلسلہ میں گفت و شنید کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ خدمت بینک کی جانب سے سنگاریڈی کے محنت کش و چھوٹے تاجرین کو بلاسودی قرضہ جات جاری کئے جاتے ہیں ۔ اسی طرح خدمت بینک سنگاریڈی کے 1094 بینک کھاتہ دار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک میں غریب و مستحق روزہ داروں کیلئے ’’ رمضان کٹس‘‘ کی تقسیم عمل میں لائی جئے گی ۔