مسلسل برقی مسدودی سے کسان بیزار

یلاریڈی 31 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) برقی مسدودی، کم وولٹیج سے پریشان کسان کاشت کررہی فصلوں کیلئے ضروری آب سربراہ کرنے کیلئے ہزاروں روپئے صرف ہونے کی فکر نہ کرتے ہوئے جنریٹروں سے اپنے اپنے کھیتوں کو پانی سربراہ کررہے ہیں۔ یلاریڈی حلقہ کے گندھاری، تاڑوائی، سداشیو نگر، لنگم پیٹ، یلاریڈی اور ناگی ریڈی پیٹ منڈلوں کے کسان زراعت کیلئے جنریٹرس کا استعمال کررہے ہیں۔ آخری مرحلہ میں کاشت ہورہی فصل دھان، کپاس، ترکاریوں کو کسان جنریٹر سے آبی سربراہی کرنے پر مجبور ہیں ورنہ ان کی محنت ضائع ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ برقی کی ناقص سربراہی سے کاشت کی گئی فصلیں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔ جس کو کسانوں نے ہمت کرکے کافی روپیہ خرچ کرتے ہوئے جنریٹر سے کاشت کرکے فصلوں کو کسی قدر بچانے میں لگے ہیں۔ کثیر رقم کے صرفہ پر بھی کسان پیچھے نہیں ہٹ رہے ہیں۔ کم از کم روزانہ پانچ ہزار روپئے جنریٹر کو چلانے پر خرچ کئے جارہے ہیں۔ کسانوں کی اس قدر فصلوں سے متعلق ہمت نے شعبہ زراعت میں نئی جان ڈال دی ہے۔ بارش کی کافی کم مقدار میں ہونے سے زراعت کیلئے کاشت کرنے والے کسانوں کو اس سال امتحان سے کم نہیں ہے۔ برقی سربراہی میں تلنگانہ حکومت کی مجبوری کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ نئی ریاست تلنگانہ کے کسانوں کو آغاز میں ہی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تلنگانہ حکومت کو اس سال برقی قلت نے خاصا سوچنے پر مجبور ضرور کردیا ہے۔ آئندہ سال اس طرح نہیں چلے گا۔ ریاستی کسان اگر ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جائیں گے تو حکومت پر سوالیہ نشان لگ سکتا ہے۔ جس کو ابھپی سے محسوس کرنا حکومت کا کام ہے۔