مقامی عوام کا اظہار برہمی ‘ اندراکرن ریڈی کا دورہ ‘ مسئلہ کے مستقل حل کیلئے اقدامات کا فیصلہ
بھینسہ۔8؍جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بھینسہ ڈیویژن میں گذشتہ دو روز سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ بارش کی وجہ سے عوام بالخصوص کسانوں میں خوشی کی لہر دیکھی جا رہی ہے ۔ لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے بھینسہ منڈکے مواضعات مہاگاوں اور بنڈیگاوں زبردست متاثر ہوئے ہیں ۔ تفصیلات کے بموجب بھینسہ ڈیویژن میں ہوئی گذشتہ دور روز کی بارش کی وجہ سے بھینسہ منڈل کے رنگاراؤ پلسیکر زیر تعمیر پراجکٹ کے آبی ذخائر میں زبردست اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے پراجیکٹ رنگاراؤ پلسکیر کے عقبی مواضعات مہاگاوں اور گنڈیگاوں متاثر ہوتے ہیں جبکہ موضع گنڈیگاوں گذشتہ رات پراجیکٹ کے آبی ذخیرہ کی وجہ سے پانی سے بھر گیا جس کی وجہ سے موضع کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے موضع کی عوام خوف و ہراس کے عالم میں مبتلا ہوگئی ۔ اس طلاع کے ساتھ ہی محکمہ مال ‘ محکمہ پولیس اور مختلف سیاسی قائدین متحرک ہو کر رات کے اوقات میں موضع کا دورہ کیا جس میں بھینسہ آر ڈی او ای راجو ‘ تحصیلدار سبھاش چندر ریڈی ‘ ایس پی اندے راملو ‘ سرکل انسپکٹر وی سرینواس ‘ پراوین کمار ‘ سب انسپکٹران کے علاوہ رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی ‘ نمائندہ ایم پی پی این راجیشور ‘ ڈاکٹر رمادیوی ‘ بی جے پی ضلعی صدر اور آج صبح ڈاکٹر راما کرشنا گوڑ تلنگانہ جنا سمیتی ضلعی قائد و دیگر شامل ہیں ۔ اس موقع پر موضع کی عوام نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی اورحکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ گذشتہ ایک سال سے موضع کی عوام گنڈیگاوں کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کرتے ہوئے پراجیکٹ کے پانی سے محفوظ رکھنے کے لئے نمائندگی کر رہی ہے ۔ لیکن اس جانب غیر سنجیدگی اختیار کرنے پر آج نتائج سب کے سامنے ہیں ۔ بعدازاں رکن اسمبلی نے اس جانب ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے موضع گنڈیگاوں کو دوسر مقام پر منتقل کرنے کا تیقن دیا ۔ ایک اطلاع کے مطابق موضع کی عوام کی جانب سے ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کو اس واقعہ کی اطلاع دی گئی ۔ ضلع کلکٹر پرشانتی نے بھی بھینسہ آر ڈی او ای راجو و دیگر محکمہ مال کے عہدیداروںکے ہمراہ متاثرہ موضع گنڈیگاوں کا دورہ کرتے ہوئے مکمل حالات سے واقفیت حاصل کی اور عوام سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کر تے ہوئے موضع کو منتقل کرنے کا اراد ظاہرکیا اور متاثرین میں حکومت کی جانب سے غذائی اشیاء چاول ‘ تیل اور دالیں تقسیم کی ۔ بعدازاں دوپہر کے اوقات میں ریاستی وزیر امکنہ و قانون اندرا کرن نے رکن اسمبلی جی وٹھل ریڈی کے ہمراہ متاثرہ موضع گنڈیگاوں کا دورہ کرتے ہوئے تمام حالات سے واقفیت حاصل کی اور موضع کی عوام سے بات چیت کرتے ہوئے حوصلہ دیا اور اس جانب جلد از جلد ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے موضع کی عوام کو محفوظ رکھنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر اے اندراکرن ریڈی نے کہا کہ متاثرہ موضع گنڈیگاوں کی عوام کو تا حال بھینسہ میں کسی فنکشن ہال یا ہاسٹل منتقل کیا جائیگا تاکہ عوام کی حفاظت ہوسکے کیونکہ آئندہ تین چار ماہ تک موسم بارش کی وجہ سے اسطرح کے واقعات پیش آسکتے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے مدد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے موضع کی عوام کو حکومت اور عہدیداران کا تعاون کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی امداد چاول ‘ تیل اور دالوں کو قبول کرنے کی خواہش کی اور حکومت اس جانب جلد ازجلد ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اراضی کی نشاندہی کے ذریعہ موضع کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے لئے اقدام کرے گی ۔ تاکہ مستقبل میں موضع کی عوام کو اسطرح کے حالات سے نہ گذرنا پڑے اور عوام خوشحال طور پر زندگی گذارسکے ۔ واضح رہے کہ حالیہ دو دنوں کی بارش کی وجہ سے بھینسہ گڈنا واگو پراجیکٹ کی سطح آب میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔