نظام آباد:8؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد کے پھولانگ کے قبرستان کی موقوفہ اراضی پر وقف بورڈ کے بغیر اجازت مسجد کی تعمیرکیلئے سنگ بنیاد تقریب منعقد کرنے پر وقف انسپکٹرنے پولیس سے شکایت کرتے ہوئے سنگ بنیاد کے کاموں کو رکوادیا۔ تفصیلات کے بموجب پھولانگ قبرستان کے باب الداخلہ پر واقع اراضی پرچند افراد مسجد حمزہ ؓ کے نام پر مسجد تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کل سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کی تھی۔ جبکہ گذشتہ دو دن سے جاری سرگرمیوں پر وقف انسپکٹر عبدالقدیر نے متعلقہ افراد سے مسلسل ربط پیدا کرتے ہوئے موقفہ اراضی پر وقف بورڈ کی اجازت کے بغیر کوئی تعمیری کام نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے باوجود بھی مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کرنے پر IVٹائون پولیس میں تحریری طور پر شکایت کرتے ہی ڈی ایس پی ٹائون آنند کمار، ٹائون سی آئی نرسنگ یادو پولیس جمعیت کے ساتھ پہنچ کر سنگ بنیاد کی تقریب کو روک دیا ۔ محلہ پھولانگ کے قبرستان کمیٹی کے صدر صابر علی سے اس بارے میں دریافت کرنے پر بتایا کہ محلہ پھولانگ کا قبرستان درج وقف ہے اور قبرستان کے تحفظ کیلئے 45لاکھ روپئے سے حصاربندی کی گئی اور برقی کھمبے، بورویل کی تنصیب عمل میں لائی گئی۔ طاق راتوں کے موقع پر صفائی، روشنی کے انتظامات و دیکھ بھال کی جارہی ہے ۔ لیکن چند افراد اپنی من مانی کرتے ہوئے قبرستان میں مسجد کے نام پر کمرشل کامپلکس بنانے کا منصوبہ کرتے ہوئے وقف بورڈ کے بغیر اجازت سنگ بنیاد تقریب کا انعقاد عمل میں لایا تھا جس کو پولیس نے وقف انسپکٹر کی شکایت پر روک دیا ہے۔ سال 2005ء میں ایک صاحب خیر نے پھولانگ قبرستان سے متصلہ سروے نمبر 225 میں 5435 مربع گز زمین وقف کی تھی اور اس وقت کے ضلع وقف کمیٹی کے صدر محمد فیاض الدین نے اراضی اور قبرستان کو درج وقف کروایا تھا اور اس وقت بھی یہاں پر تعمیری کام انجام دینے کیلئے بات چلائی گئی تو شدت کے ساتھ مخالفت کی گئی تھی اور قبرستان میں کسی قسم کے تعمیری کام انجام نہ دینے کی بات چل رہی تھی۔ لیکن چند افراد مسجد اور کمرشل کامپلکس تعمیر کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کاموں کا آغاز کیا تھا جسے وقف انسپکٹر نے روکوادیا۔ اس کارروائی کے بعد یہاں پر ایک بیانر نصب کیا گیا جس میں یہ واضح کیا گیا کہ یہاں پر صرف مسجدہی تعمیر کی جائے گی۔ متعلقہ افراد کو مسجد ہی تعمیر کرنا ہوگا تو محلہ پھولانگ کے تمام مسلمانوں کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا گیا اور عجلت میں کیوں یہ کام شروع کئے گئے ؟محلہ پھولانگ سے تعلق رکھنے والے چند افراد یہ سوال کررہے ہیں۔ محلہ پھولانگ قبرستان کے سروے نمبر 244 میں ساڑھے تین ایکر سروے نمبر 225 میں 5435 مربع گز اراضی ہے اور جملہ اراضی درج وقف ہے۔ منشاء وقف کے مطابق بغیر اجازت کوئی بھی تعمیری کام یا دیگر کام انجام نہیں دیا جاسکتا ہے۔