مسجد افضل بیابانی اور خطہ صالحین کیلئے 30.50 لاکھ ایم پی فنڈ مختص

کریم نگر۔/18 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر مستقر بائی پاس روڈ پر زیر تعمیر مسجد افضل بیابانی اور اس کے ساتھ متصلہ قبرستان ( خطہ صالحین ) میں زمین کو مسطح کرنے اور برقی روشنی کا انتظام کرنے رکن پارلیمنٹ کریم نگر بی ونود کمار نے اپنے ایم پی فنڈ سے 30لاکھ پچاس ہزار کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلہ میں مسجد کمیٹی افضل بیابانی کے ذمہ داران جناب مسعود احمد اور معتمد جناب محمد عبدالصمدعرف نواب اور دیگر حضرات نے اس سلسلہ میں کوشش کی تھی اور میونسپل انجینئرس سے تخمینہ منصوبہ تیار کرکے ایم پی کے حوالے کیا تھا۔ چنانچہ قبرستان میں ہائی ماسٹ لائٹس اور دیگر خرچ کے لئے 30 لاکھ پچاس ہزار روپئے اپنے ایم پی فنڈ سے مختص کرتے ہوئے انہیں تحریری طور پر مکتوب حوالے کرکے اطلاع دے دی۔