میر پور ۔19 جون۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے سمن موصول ہوا ہے تاکہ پہلے مقابلے میں بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کو دھکہ دینے کے ضمن میں سنوائی کی جاسکے ۔ اجلاس میں دھونی کو لیول 2 کے تحت خاطی قرار دیا گیا جس کے بعد ان پر مقابلے کی فیس کا 75 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ۔ قبل ازیں بنگلہ دیشی بولر کو بھی سمن جاری کیا گیا تھا تاکہ ان کا بھی موقف جان سکیں۔ میچ ریفری کی جانب سے طلب کئے گئے اجلاس میں مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ انتظامیہ کے منیجر بسواروپ دائے بھی موجود تھے اور اُمید کی جارہی ہے کہ دھونی کے خلاف لیول 1 کا چارج لگایا جاسکتا ہے یا پھر انھیں جرمانہ کے بعد چھوڑ دیا جاسکتا ہے اور اگر اس معاملے کی سنوائی کے بعد اگر دھونی اے لیول 2 کے تحت خاطی پائے گئے تو ان پر پابندی بھی عائد ہوسکتی ہے ۔ دھونی نے آئی پی ایل کے دوران بھی امپائروں کے فیصلے پر تنقید کی ہے لہذا ان کا معاملہ مشکل ترین ہوسکتا ہے ۔
یاد رہے کہ کپتان ایم ایس دھونی بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے میں شکست کے ساتھ میزبان ٹیم کے بولر کو دھکا دینے پر دُہری تنقید کی زد میں ہیں۔بنگلہ دیش کے شہر میرپور میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کو 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔308 رنز کے تعاقب میں جب ہندوستان کی چار وکٹیں 115 رنز گر چکی تھیں تو اپنے ٹھنڈے مزاج کی وجہ سے مشہور مہندر سنگھ دھونی نے بنگلہ دیش کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے بولر مستفیض الرحمن کے اوور میں انھیں دھکہ دیا۔25 ویں اوور میں پیش آئے اس واقعہ میں دھونی نے سنگل مکمل کرتے ہوئے پیچ پر موجود نوجوان فاسٹ بولر کی طرف قدم بڑھا کر ان کو کندھے سے زور دار دھکہ دیا۔دھکے کی وجہ سے مستفیض لڑکھڑا گئے اور دھکے کی شدت سے انہیں چوٹ آئی اور وہ اوور مکمل کئے بغیر ہی میدان سے چلے گئے۔تاہم کچھ ہی دیر بعد دھونی کی وکٹ گرنے پر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے کھل کر جشن منایا۔