محبوب نگر ۔5نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وظائف کیلئے داخل کی گئی درخواستوں کی تنقیج مکمل ہوچکی ہے ۔ نومبر کی 9اور 10تواریخ کو مستحقین میں وظائف کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ ضلع کلکٹر جی ڈی پریہ درشنی نے اپنے چیمبر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلات کے اندراج کا کام تیزی کے ستاھ کیا جارہا ہے جو مجوزہ وقت میں مکمل کرلیا جائے گا ‘ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق جاریہ میہ کی 6اور 7 تواریخ کو متعلقہ گرام پنچایتوں ‘ بلدیات کے دفاتر میں مستحق افراد کی قطعی فہرست آویزاں کی جائے گی اور اسپیشل کاؤنٹرس کے ذریعہ وارڈز میں عوامی نمائندوں کے ہاتھوں وظائف کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے فوڈ سیکیورٹی کارڈ کے تعلق سے بتایا کہ ضلع میں زائداز 10لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں جس میں سے نصف سے زائد تنقیح کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر فوڈ سیکیورٹی رکھنے والے خاندان کے ہر فرد کو فی کس 6کیلو چاول سربراہ کئے جائیں گے ۔