مسابقتی دوڑ میں علم سب سے بہترین ہتھیار

مٹ پلی میں یوم اساتذہ تقریب، جناب محمد نعیم الدین کی مخاطبت
مٹ پلی /7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد ہائی اسکول اردو میڈیم مٹ پلی میں ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کے یوم پیدائش کے موقع پر یوم اساتذہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی موظف لیکچرر و امیر جماعت اسلامی جناب محمد نعیم الدین نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی میدان میں علم کے ہتھیار کے ساتھ آگے بڑھیں، ورنہ مسابقتی دور میں کچلے جائیں گے۔ انھوں نے ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اچھی تعلیم کے حصول کے ذریعہ بہترین شہری و قوم کے پلرس بنیں، نہ کہ قیمتی وقت ضائع کرکے بلڈوزر بنیں، یعنی جو مشین تباہی کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ اچھی تعلیم کے حصول کا مقصد اپنے اندر اچھے اخلاق پیدا کرنا ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے اندر اچھے اخلاق و کردار پیدا کریں۔ اس موقع پر مدرسین مدرسہ جناب شیخ فیاض احمد اور جناب محمد عبد العزیز کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا، جب کہ طلبائے مدرسہ کی جانب سے تمام اساتذہ کو تہنیت و گلدستے پیش کئے گئے۔ اس موقع پر صدر مدرس جناب محمد عبد الحفیظ قریشی نے علم اور تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان خصوصی جناب محمد نعیم الدین کی گراں قدر خدمات ملی کا تذکرہ کیا اور موصوف کے تعلیمی مثالی کارناموں کی سراہنا کی۔ اس موقع پر اساتذہ مدرسہ مسرز محمد عبد الرؤف، شیخ فیاض احمد، محمد عبد العزیز، محمد ابراہیم، کے راجندر، محترمہ نور جہاں، بھاگیہ لکشمی اور فہیم سلطانہ نے اپنا تعاون پیش کیا، جب کہ چیرپرسن تعلیمی کمیٹی محترمہ آفرین سلطانہ، وائس چیرمین مرزا عزیز اللہ بیگ توفیق اور دیگر نے شرکت کی۔