رامپور۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے بارے میں کانگریس کو علحدگی پسندوں کی زبان میں بات کرنے کا موردالزام ٹھہراتے ہوئے مرکزی وزیر مختارعباس نقوی نے آج دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت قومی مفاد کے خلاف کبھی کوئی سیاسی سازش نہیں ہونے دیں گی۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش تقریب میں نقوی نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کانگریس کی دین ہے، اسی نے یہ مسئلہ پیچیدہ بنایا ہے، کانگریسیت اور علحدگی پسندگی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ وزیراقلیتی امور نے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے اس وقت استصواب رائے عامہ کی تجویز رکھی اور قبول کی تھی جب ہماری فورسیس کشمیر میں پاکستانی حملہ آوروں کو کچلنے کے بہت قریب تھے، اور اس نے اس مسئلہ کو یوں ہی چھوڑ دیا۔