۔2.50 لاکھ کنٹراکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ: ایٹالہ راجندر
کریم نگر۔/2مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت جس طرح سے کسانوں کی خوشحالی حوصلہ افزائی ، مالی امداد کررہی ہے اسی طرح سے مزدور وں، ملازمین ، کمزور طبقات کی بھی ہر طرح سے مدد اور ان کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ ریاستی وزیر مالیات و سیول سپلائیز ایٹالہ راجندر نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مئی ڈی تقریب کے موقع پر یہاں مجلس بلدیہ کارپوریشن میں منعقدہ پروگرام میں انہوں نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے میونسپل دفتر کے احاطے میں امبیڈکر کے مجسمہ پر ایم ایل اے گنگولاکملاکر ، ایم ایل سی نارا داس لکشمن راؤ، میئر سردار ورویندر سنگھ، کمشنر شیشانک پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ سوچھ کریم نگر کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ کی جانب سے سوچھ آٹوز کارکنوں نے افتتاح کیا۔ آٹو چلانے والے مزدوروں کو آٹو حوالے کئے گئے۔ بعد ازاں انہوں نے آٹو چلاکر انہیں خوش کیا۔ بعد ازاں میونسپل ملازمین کیلئے لگائے گئے مفت طبی کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میئر رویندر سنگھ کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں ایٹالہ راجندر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی طور پر یوم مئی کا پرجوش انداز میں منایا جانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم مئی کے ذریعہ مزدوروں کو کم از کم اجرت 8 گھنٹے کا تعین ہوا اور پی ایف جیسی سہولت بھی ملی اور میونسپل نگر پالیکا نگر پنچایت، گرام پنچایت میں برسر خدمت ملازمین کو بروقت تنخواہیں اور اس میں اضافہ کے تعلق سے حکومت غور کررہی ہے۔ اسی طرح ملازمت کا تحفظ و دیگر مسائل کی یکسوئی کیلئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ڈھائی لاکھ کنٹراکٹ ملازمین ہیں ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا، ملازمت کا تحفظ کیا جائے گا۔ آنگن واڑی سے لیکر کنٹراکٹ ٹیچرس، ہوم گارڈز تک کی تنخواہوں اور الاؤنس میں اضافہ کیا گیا جس سے ریاستی حکومت پر تقریباً 13 سو کروڑ کا زائد بوجھ پڑا ہے لیکن ملازمین کو فائدہ ہوا ہے اور وہ خوش ہیں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ مجلس بلدیہ کے ملازمین اور مزدوروں کے مسائل کی بھی یکسوئی ہوجائے گی۔ اس پروگرام میں ڈپٹی میئر گوگیلا یو رمیش میونسپل کونسل سکریٹری گوتم ریڈی کے علاوہ مجلس بلدیہ ملازمین ، مزدوروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔بعد ازاں مزدوروں کیلئے میئر رویندر سنگھ نے پانچ روپئے میں کھانا اسکیم کا افتتاح کیا اور وزیر موصوف، ایم ایل اے نے مزدوروں کے ساتھ کھانا کھایا۔