حیدرآباد/12فبروری ( سیاست نیوز) ونستھلی پورم میں سابق آئی اے ایس آفیسر کے ڈرائیور نے مزدور جوڑے پر چاقو سے اچانک حملہ کردیا جس میں ایک ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے بموجب 38سالہ بی انٹونی ساکن سرورنگر جو سابق آئی اے ایس عہدیدار کا خانگی ڈرائیور ہے آج شام ونستھلی پورم کے علاقہ ہستینا پور میں سیندھی کمپاونڈ میں مزدور جوڑے وینکٹیا اور اس کی بیوی کرمماں پر حملہ کردیا۔ اس واقعہ میں خاتون برسر موقع ہلاک ہوگئی جبکہ اس کا شوہر شدید زخمی ہوگیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ انٹونی نشہ میں تھا اور وہ اپنے ساتھ تیز دھار چاقو رکھا تھا جس سے اس نے وینکٹیا اور کرمماں پر حملہ کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ انٹونی سے اس کی بیوی نے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ اس نے ایک اور خاتون سے شادی کی لیکن وہ بھی اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہوگئی ۔ بیوی کے آشنا سے انتقام لینے اس نے چاقو ساتھ رکھا تھا۔ ونستھلی پورم پولیس نے انٹونی کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔