محبوب نگر ۔ 18مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیہاتوں میں مزدوروں کو کام فراہم نہ کرنے سے مزدور روزگار کیلئے نقل مقام کررہے ہیں ۔ اس کو روکنے کیلئے ضمانت روزگار اسکیم کے تحت کام فراہم کیا جائے ۔ ریاستی دیہی ترقیات کے کمشنر انیتا رامچندرن نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں گذشتہ سال ایک لاکھ سے زائد مزدوروں کو روزگار فراہم کیا گیا تھا لیکن جاریہ سال صرف 60ہزار مزدوروں کو کام فراہم کرنے پر برہمی ظاہر کی اور انتباہ دیا کہ اگر اب نقل مقام کی اطلاع ملی تو ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے گی ۔ اسکیم کی عمل آوری میں بدعنوانی یا کوتاہی قطعاً ناقابل برداشت ہوگی ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مزدوروں کے شخصی کھاتے کھلوائے جائیں اور اجرت راست ان کے کھاتوں میں منتقل کی جائے ۔ پی ڈی ڈوما سور ندارانی نے کمشنر کو واقف کرایا کہ موبائیل اڈوانس بینکنگ سے کچھ دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈی وی ٹی منیجر لکشمی نارائنا ‘ اے پی ڈیز و دیگر موجود تھے ۔