لندن 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مقامی ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے سیزن کے آخر میں کھیلے جارہے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کے سیمی فائنل میں اپنی رسائی کی اُمیدوں کو برقرار رکھا جیسا کہ انھوں نے گروپ مرحلہ کے دوسرے مقابلہ میں کینیڈا کے نیلوس راؤنک کو 6-3 ، 7-5 سے شکست دی۔ مرے اور راؤنک کے درمیان کھیلے گئے اِس مقابلہ میں دونوں ہی کھلاڑیوں کے لئے کامیابی اشد ضروری تھی کیونکہ اِن کھلاڑیوں کو ٹورنمنٹ کے ابتدائی مقابلہ میں راجر فیڈرر اور کائی نشی کوری کے خلاف ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی۔ اینڈی مرے کی کامیابی کے بعد راجر فیڈرر کی سیمی فائنل میں رسائی صد فیصد یقینی نہیں ہے حالانکہ انھوں نے اپنے گروپ مرحلہ کے دوسرے مقابلہ میں جاپانی اُمیدوں کے محور کائی نشی کوری کے خلاف 6-3,6-2 کی ایک شاندار کامیابی درج کی ہے۔ مرے نے اِس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرنے کے علاوہ آئندہ مقابلہ میں فیڈرر کا سامنا کرنے کے ضمن میں کہاکہ یہ ایک دلچسپ اور سخت مقابلہ ہوگا۔