لندن۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار اینڈی مرے اور نمبر ایک خاتون کھلاڑی جرمنی کی اینجلک کیربر کو اگلے ہفتے شروع ہونے والے گرانڈ سلام ومبلڈن میں پہلا مقام دیا گیا ہے جبکہ تین مرتبہ کے چیمپئن سربیا کے نوواک جوکووچ کو دوسرا مقام ملا ہے ۔جوکووچ اے ٹی پی عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں گرانڈ سلام میں دوسرا مقام ملا ہے جبکہ یہاں سات مرتبہ کے چیمپئن راجر فیڈرر کو بھی چوٹی کے کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے اور انہیں تیسرا مقام دیا گیا ہے ۔آل انگلینڈ کلب نے آج کھلاڑیوں کی سیڈ جاری کی ہیں۔ ومبلڈن میں دیگر گرانڈ سلام کے مقابلے میں مقامات کا تعین مختلف حساب سے کیا جاتا ہے جس میں گراس کورٹ پر کھلاڑیوں کے دو سال پہلے کی کارکردگی اور دنیا کے چوٹی کے 32 درجات کے حساب سے سیڈ ملتی ہے ۔گذشتہ ماہ کیریئر کا10 واں فرنچ اوپن جیتنے والے اسپین کے رافل نڈال اگرچہ اے ٹی پی عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر ہیں لیکن انہیں ومبلڈن میں چوتھا مقام پر اکتفا کرنا ہوگا۔دو مرتبہ یہاں خطاب جیتنے والے31 سالہ نڈال ومبلڈن میں2011 کے بعد سے چوتھے راؤنڈ کو عبور نہیں کرسکے ہیں۔