مرکز کی طرف سے اے پی اور تلنگانہ کو ڈپٹی کلکٹرس مختص

حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ڈپٹی کلکٹروں کی تقسیم سے متعلق انتہائی کٹھن مسئلہ کی یکسوئی کرنے کے اقدامات کی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں سابق متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں پائے جانے والے جملہ 536 ڈپٹی کلکٹرس کے منجملہ ریاست آندھرا پردیش کے لیے 322 اور ریاست تلنگانہ کے لیے 214 ڈپٹی کلکٹرس کو مختص کرتے ہوئے مرکزی وزارت ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ شعبہ کی جانب سے باقاعدہ احکامات جاری کئے گئے ۔ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش کے چیف سکریٹریوں ، پرنسپال سکریٹریز محکمہ ریونیو کو ڈپٹی کلکٹروں کی تقسیم سے متعلق فہرست روانہ کردی گئی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ڈپٹی کلکٹروں کی جملہ تعداد 536 میں ہی ڈپٹی کلکٹرس کے ساتھ اسپیشل گریڈ ڈپٹی کلکٹرس بھی شامل ہیں ۔ حکومت کو موصولہ تازہ ترین احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کلکٹرس کی تقسیم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا ہے اور دونوں ریاستوں کے منجملہ کسی بھی ریاست کے لیے الاٹ نہ کئے گئے باقی ڈپٹی کلکٹرس اور سیناریٹی لسٹ میں شامل نہ کئے گئے ۔ ڈپٹی کلکٹرس کو دوسرے مرحلہ میں تقسیم کے ذریعہ ریاستوں کو الاٹ کیا جائیگا ۔۔