گونڈا ( یو پی ) 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ ادعا کرتے ہوئے کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس یا بی جے پی میں کسی کو اکثریت حاصل نہیں ہوگی سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ مرکز میں تیسرا محاذ حکومت تشکیل دیگا اور ان کی پارٹی اس میں اہم رول ادا کریگی ۔ انہوں نے یہاںپارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کو اقتدار ملنے والا نہیں ہے ۔ تیسرا محاذ حکومت تشکیل دیگا ۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے محاذ میں ان کی پارٹی سب سے بڑی ہوگی ۔ کچھ جماعتوں کے اس استدلال پر کہ سماجوادی پارٹی صرف اتر پردیش تک محدود ہے ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ اتر پردیش میں سب سے زیادہ 80 نشستیں ہیں اور اس ریاست میں کامیابی کے بغیر کوئی بھی پارٹی مرکز میں حکومت قائم نہیں کرسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سماجوادی پارٹی کو یہاں 70 فیصد نشستیں حاصل ہوجائیں تو وہ حکومت سازی میں اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔
ریاست کے عوام پر سماجوادی پارٹی کو زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی دلانے کیلئے زور دیتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی مرکز میں اہم رول ادا کر رہی ہے اور وہ کسانوں ‘ نوجوانوں و بیروزگاروں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریگی کیونکہ مرکز میں فنڈز کی کمی نہیں ہے ۔ 1993 میں بی ایس پی کی مدد حاصل کرتے ہوئے حکومت بنانے کے اپنے فیصلے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی ایس پی سے اتحاد کا فیصلہ غلط تھا اور اسی وجہ سے بی ایس پی کو مقبولیت حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کبھی کچھ غلط فیصلے بھی ہوجاتے ہیں اور اسی طرح کے ایک غلط فیصلے کا نتیجہ تھا کہ بی ایس پی کو مقبولیت حاصل ہوئی ہے تاہم اب یہ کم ہوتی جا رہی ہے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر اکھیلیش سنگھ یادو نے اپنے خطاب میں اپنی حکومت کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا ۔ سینئر وزیر اعظم خان نے الزام عائد کیا کہ کانگریس مسلمانوں کی ہتک کرتی ہے جبکہ بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی مسلمانوں کے قاتل ہیں۔