یروشلم۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے صیانتی تعلقات بشمول انسداد دہشت گردی میں تعاون توقع ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے دورۂ اسرائیل کا اہم موضوع ہوں گے۔ راج ناتھ سنگھ آج صبح یہاں پہنچنے والے تھے لیکن ان کے منصوبوں میں تبدیلی کردی گئی کیونکہ موناکو کے لئے ان کی پرواز طوفانی موسم کی بناء پر ملتوی کردی گئی تھی۔ حکومت اسرائیل نے ہندوستان کے وزیر داخلہ کے لئے گنجائش پیدا کرتے ہوئے معمول کے برخلاف وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کے دفتر سے ان کی ملاقاتوں کا پروگرام ازسرنو ترتیب دے کر جاری کیا۔ ایک سینئر سرکاری ذریعہ کے بموجب ہندوستان، اسرائیل کے لئے بہت اہم ہے اور مرکزی وزیر داخلہ کا دورۂ اسرائیل نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ اسرائیل کو ثمرآور تبادلہ خیال کی توقع ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ راج ناتھ سنگھ، صدر اسرائیل آر ریولن ، وزیراعظم نتن یاہو اور وزیر دفاع موشے یالون سے آج ملاقات کرنے والے تھے، لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے یہ پروگرام کل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔