مرکزی وزراء کی پارٹی کارکنوں سے شکایات کی سماعت

نئی دہلی 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پارٹی اور حکومت کے درمیان تعاون بہتر بنانے کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر مرکزی وزراء پویش گوئل، وی کے سنگھ، کرن رجیجو پارٹی کارکنوں سے بی جے پی ہیڈکوارٹرس پر آئندہ ہفتہ ملاقات کرکے ان کی شکایات اور تجاویز کی سماعت کریں گے۔ مرکزی وزرائے مملکت برائے کوئلہ، برقی توانائی، جدید اور قابل تجدید توانائی گوئل بی جے پی ہیڈکوارٹرس اشوک روڈ پر 25 اگسٹ کو دستیاب ہوں گے۔ وزیر مملکت برائے شمال مشرقی ہند اُمور، اُمور خارجہ و بیرونی ممالک میں ہندوستانیوں کے اُمور وی کے سنگھ پارٹی ہیڈ کوارٹرس پر 4 بجے تا 6 بجے شام 26 اگسٹ سے دستیاب رہیں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ رجیجو اور وزیر ریلوے گوڑا 26 اگسٹ کو پارٹی کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ اِس فیصلہ کے ایک حصہ کے طور پر ایک وزیر روزانہ پارٹی ہیڈکوارٹرس پر اور ہر وزیر پارٹی آفس کا مہینہ میں ایک بار دورہ کرے گا تاکہ بہتر حکمرانی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ’’سہیوگ‘‘ اقدام کے تحت اِس پہل کی تجویز وزیراعظم نریندر مودی نے پارٹی قائدین سے 2 جولائی کی ملاقات میں پیش کی تھی۔ اِس کا مقصد نہ صرف بہتر حکمرانی کو یقینی بنانا بلکہ حکومت ۔ پارٹی ہم آہنگی کو بھی یقینی بنانا تھا۔ علاوہ ازیں پارٹی کارکنوں سے پارٹی کے دفتر پر ملک گیر سطح پر معلومات حاصل کرنا بھی اِس کا مقصد ہے۔