مرسی کے 432 حامیوں کی فوجی عدالت میں پیشکشی

قاہرہ۔ 14؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مصر کے منیا اور بحیرہ گورنریٹس میں اسلام پسند معزول صدر محمد مرسی کے تقریباً 432 حامیوں کو گزشتہ سال تین ملازمین پولیس کی ہلاکت کے بشمول تشدد کے مختلف الزامات کے تحت کل فوجی عدالت میں پیش کردیا گیا جن کے منجملہ 139 کے خلاف منیا میں تین ملازمین پولیس کی ہلاکتوں، پولیس اسٹیشنوں کو نذرآتش کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں، ماباقی 293 ملزمین کے خلاف البحیرہ صوبائی حکومت کے ہیڈکوارٹرس کو نذرآتش کرنے اور سات عام شہریوں کو ہلاک کرنے کے الزامات کے تحت مقدمات چلائے جائیں گے۔ یہ سات افراد گزشتہ سال بحیرہ میں سکیوریٹی فورسس اور مرسی کے حامی اسلام پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں فوت ہوگئے تھے۔ یہ دونوں پُرتشدد واقعات 14 اگسٹ کو اُس وقت پیش آئے تھے، جب قاہرہ اور جیزا میں مرسی کے حامی احتجاجیوں کو منتشر کردیا گیا تھا اور اس کارروائی میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال ایک پولیس افسر کی ہلاکت کا جرم ثابت ہونے پر مرسی کی تنظیم اخوان المسلمین کے 529 حامیوں کو مارچ کے دوران سزائے موت دی گئی تھی اور خود مرسی بھی 25 جنوری 2011ء کے دوران پُرامن احتجاجیوں کی ہلاکت کے الزامات کے تحت فی الحال جیل میں ہیں۔