مرسی کے فرزند کیخلاف منشیات کا مقدمہ

قاہرہ ۔ 17 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) مصر کے معزول صدر اور اسلام پسند رہنما محمد مرسی کے فرزند کیخلاف منشیات کے استعمال اور ممنوعہ اشیاء کو اپنے قبضہ میں رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ عدالتی ذرائع نے کہا کہ 19 سالہ عبداﷲ مرسی پر حشیش اپنے قبضہ میں رکھنے اور استعمال کرنے کا الزام ہے لیکن اُن کے خلاف درج مقدمہ کی سماعت کیلئے ہنوز کسی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ عبداﷲ مرسی کو قاہرہ کے شمال میں واقع صوبہ قلوبیاکے مرکزی مقام پر اپنے دوست کے ساتھ کار پارک کرتے وقت گرفتار کیا گیا تھا اُن کے قبضہ سے مبینہ طورپر منشیات ضبط کئے گئے تھے ۔ مرسی کے ایک دوسرے فرزند اُسامہ نے اپنے بھائی کیخلاف الزامات کی تردید کی ہے ۔