جدہ، 13ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مکہ مکرمہ کی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ حکام نے جدہ کے جدید الجوہر اسٹیڈیم میں افریقی یونین اور الشباب فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیل کے مقابلے کے دوران ایک خاتون کو مردانہ لباس میں حراست میں لے لیا۔ مکہ پولیس ترجمان کیپٹن ڈاکٹر عاطی بن عطیہ القرشی نے بتایا کہ فٹبال اسٹیڈیم میں ایک خاتون کی موجودگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر مردانہ لباس میں ملبوس خاتون کی تصویر جاری کی گئی تھی۔ اسی دوران اسٹیدیم میں موجود پولیس کی بھی اس پر نظر پڑی جس کے بعد اسے حراست میں لیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ مردانہ کھیل کے مقابلوں کے دوران کسی خاتون کا اور وہ بھی مردانہ بھیس بدل کر داخل ہونا قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ خاتون چونکہ مکمل طور پر مردانہ روپ میں تھی اس لئے اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔