مراقش سے 800 تارکین وطن کی اسپین میں داخل ہونے کی کوشش

میڈرڈ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کے شمالی افریقی اینکلیو کیوٹا میں آج مراقش سے کم از کم 800 تارکین نے سرحدی خار دار باڑ کو پار کرکے ا سپین جانے کی کوشش کی، تاہم ان میں سے زیادہ تر واپس لوٹ گئے ۔ا سپین اورمراقش کی حکومت نے آج بتایا کہ کئی تارکین چھ میٹر اونچی خاردار دیوار پر چڑھ گئے تھے ، جنہیں بعد میں کرین کی مدد سے اتارا گیا۔ اسپین کی حکومت نے ایک بیان میں بتایا کہ تقریبا 1100 تارکین سرحد پر واقع دیوار کو پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے جس میں سے صرف دو کو ہی کیوٹا آنے کی اجازت دی گئی۔ دونوں کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔حکومت نے بتایا کہ اس دوران اسپین کے پانچ پولیس اہلکار اور مراقش کے 50 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ تارکین وطن نے اس دوران حکام سے جھڑپ اور دیوار کو توڑنے کی کوشش میں سنگباری کی۔ مراقش کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ تقریبا 800 تارکین وطن نے سرحد پار کر کے اسپین جانے کی کوشش کی اور سب کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں ان کے 10 اہلکار بری طرح زخمی ہو گئے ہیں۔