مذہبی خبریں

حضرت شیخ الاسلامؒ وقت کے نباض اور رمز شناس
جلسہ فیضان غوث اعظم و تعلیمی بیداری مہم سے علماء ، مشائخ و مفتیان کرام کے خطابات
حیدرآباد۔ 18 مارچ (راست) دین اسلام کی حفاظت، اہل اسلام کی درست رہبری و رہنمائی کیلئے اللہ نے انبیاء کرام کے منصب تبلیغ پر علمائے کرام کو فائز کیا۔ انہیں وارثین انبیاء میں ایک وارث، متقی و صوفی منش بزرگ حضرت شیخ الاسلام امام انوار اللہ فاروقی بانی جامعہ نظامیہ ہیں جنہوں نے اُمت کو علم و عمل کی نہ صرف ترغیب دی بلکہ اس کی درست رہبری و رہنمائی کیلئے دینی و عصری علوم پر مشتمل جامعہ نظامیہ و جامعہ عثمانیہ قائم کیا۔ ان خیالات کا اظہار مفتی سید شاہ صادق محی الدین فہیم نقشبندی (سابق نائب مفتی جامعہ نظامیہ) نے میلاد کمیٹی رنگاریڈی کے سلسلہ وار جلسہ ہائے فیضان غوث اعظم و تعلیمی بیداری مہم بعض صد سالہ عرس شیخ الاسلامؒ سے حمایت نگر معین آباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوموں کی ترقی کا انحصار تعلیم پر موقوف ہے۔ اسی بناء پر حضرت شیخ الاسلامؒ نے اہل اسلام کیلئے مدارس و کتب خانوں کا جال بچھا دیا تھا۔ مولانا سید شاہ محمد شاہ محمد قبول پاشاہ قادری شطاری نے کہا کہ حضرت شیخ اسلام وقت کے نباض اور رمز شناس تھے۔ حافظ سید بدیع الدین صابری نے کہا کہ اللہ کا ولی وہ ہے جس میں محبت و عمل یہ دونوں علامتیں پائی جائیں۔ جب تک کہ آدمی کسی شئے کی بابت محبت نہ رکھے، وہ اس کی توقیر یا اس پر عمل نہ کرے گا۔ یہی دو علامتیں تمام علماء، صوفیاء اور اولیاء میں پائی جاتی ہیں چنانچہ حضرت شیخ الاسلام میں یہ دونوں چیزیں پوری غایت کے ساتھ پائی جاتی ہیں۔ مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری نے کہا کہ اولیاء اللہ ہر دم خالق کی عبادت اور مخلوق کی خدمت میں مصروف و کوشاں رہتے ہیں، چنانچہ حضرت شیخ اسلام نے عوامی خدمت کے مقصد سے کئی انجمنوں کا قیام عمل میں لایا۔ مولانا محمد انوار اللہ نے کہا کہ بانیٔ جامعہ نظامیہ کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ آپؒ نے علم کی فراوانی کیلئے کئی مدارس و کتب خانے قائم کئے اور انہیں وظائف مقرر فرمائے۔ مولانا محمد محی الدین قادری محمودی نے کہا کہ علماء جامعہ نظامیہ کی خدمات، اعتدال پسندی و تحفظ اسلام نے مسلمانوں میں اور غیرمسلموں میں کافی اچھا اثر پیدا کیا۔ مولانا محمد سلطان احمد نقشبندی، مولانا حافظ عبدالصمد شرفی ،مولانا قاری عظمت اللہ نقشبندی، مولانا شاہ محمد فصیح الدین نظامی، مولانا قاضی محمد عابد حسین، مولانا الحاج غلام ربانی، مولانا محمد جہانگیر علی، مولانا عبدالقدیر نقشبندی، مولانا قاری محمد عبدالقیوم، مولانا قاضی قاری محمد عبدالقوی، نے موضع یلکا گوڑہ، قطب الدین گوڑہ، چھوٹی منگلارم، بڑی منگلارم، تول کٹہ، معین آباد، شاہ آباد وغیرہ میں سلسلہ وار پروگرامس سے خطابات کئے۔ مولانا قاری الحاج محمد سعید الدین قادری محمودی، محمد شاکر حسین، محمد مشکور احمد، محمد ظہیرالدین نے قرأت کلام پاک پیش کی۔ الحاج عقیل احمد عقیل، زعیم زومرہ، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، وسیم الہامی، مولانا محمد احسن علی احتشام، محمد علیم الدین، محمد عبدالمطیب ، محمد صادق حسین ، شیخ احمد و دیگر نے ہدیہ نعت و منقبت پیش کی۔ مولانا الحاج محمد صابر حسین، مولانا حافظ و قاری سید مدثر احمد قادری نظامی، جناب اسلم فرشوری نے فرائض نظامت انجام دیئے۔ جناب معراج الدین، افسر ایڈوکیٹ نے انتظامات کا جائزہ لیا۔

دینیات کی کتاب رعایتی قیمت پر دستیاب
حیدرآباد۔ 18 مارچ (راست) مکتبہ تعلیم بالغان نے ادارۂ سیاست کے تعاون سے دفتر سیاست پر دستیاب دینیات (رومن انگلش) کی کتاب کے کئی نسخے فروخت ہوچکے ہیں اور یہ کتاب خاص کر عصری علوم کے طلباء کے لئے ترتیب دی گئی ہے جو دین اسلام کی بنیادی ضروری تعلیم اور سیرت النبیؐ سے آراستہ ہے۔ نیز رومن انگلش کے ساتھ عربی متن بھی موجود ہے۔ اولیاء طلباء و دینی گرمائی تعلیم کے ذمہ داران اس کتاب کو رعایتی قیمت صرف 20 روپئے میں دفتر سیاست عابڈس حاصل کرسکتے ہیں۔

جلسہ جشن شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (راست) دعوت اہلسنت و جماعت کے زیراہتمام 19 مارچ جمعرات کو 11 بجے دن نزد ریلوے برج عیدی بازار جاوید نگر (محمد نگر) معہد برکات العلوم عربیہ میں بضمن صدسالہ عرس شریف شہزادہ فاروق اعظم شیخ الاسلام حافظ محمد انواراللہ فاروقی ؓ بانی جامعہ نظامیہ جلسہ جشن شیخ الاسلام ؒ منعقد ہوگا۔ ابو عبداللہ شاہ محمد اسلم جاوید نقشبندی قادری صدارت کریں گے۔ قاریہ ام الخیر سیدہ فاطمہ فرحاں نقشبندیہ قادریہ نگرانی کریںگی۔ حفاظہ سمیہ انجم کی قرأت، صباء شبیر، ام الخیرہ فائزہ کی حمد، قاریہ سیدہ نازیہ، قاریہ آسیہ بیگم کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوگا۔ حافظ آفرین نورہ نقشبندیہ قادریہ، حافظہ تحسین صدف و نیز صدر جلسہ پس پردہ خطاب کریں گے۔ حافظہ غوثیہ حفصہ، حافظہ ثناء جویریہ، حافظہ فوزیہ طلحہ، حافظہ ثریہ فاطمہ، قاریہ فوزیہ بیگم، قاریہ ممتاز ملنگ چودھری دف پر منقبت شیخ الاسلام ؒ پیش کریں گی۔ حافظہ فوزیہ اسراری نظامت کے فرائض انجام دیں گی۔ صلوٰۃ و سلام اور خصوصی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آئے گا۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (راست) ڈاکٹر پروفیسر محمد مصطفی شریف چیرمین شعبہ عربی عثمانیہ یونیورسٹی و ڈائرکٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ کا درس قرآن مجید جمعرات کو 9 بجے شب ان ہی کے مکان واقع ڈیفنس کالونی کے وی نمبر ایک لنگرحوض قریب مسجد غوثیہ منعقد ہے۔

ہاشم آباد میں آج حضرت خواجہ سید حسن ثانی نظامی ؒ کا جلسہ تعزیت
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (پریس نوٹ) دارالقضاء و الافتاء دارالعلوم انوار قدر، مجلس دعوت و ارشاد سید قادر محی الدین ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کے زیراہتمام جلسہ چشتیہ نظامیہ کے صوفی بزرگ شاعر و ادیب حضرت سید خواجہ حسن ثانی نظامی سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء محبوب الہٰی کی عالمی سطح پر علمی، ادبی، خانقاہی، ملی، سماجی، مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے 19 مارچ جمعرات کو بعد نماز عصر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی بعد نماز مغرب جلسہ اعتراف خدمات و تعزیت سیدہ زاہدہ احمد ہاشم آباد بنڈلہ گوڑہ روڈ، متصل معراج گارڈن فنکشن ہال میں مولانا قاری محمد نوراللہ حسن نظامی کی سرپرستی اور عالم دین و فقیہ مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم صدرنشین کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ مہمانان خصوصی حضرت محمد اسمعیل المعروف شمشاد نظامی، مولانا سید اعظم محی الدین، جناب محمد فخرالدین حسن نظامی، مولانا ڈاکٹر محمد سراج اللہ خان، مولانا مفتی مبین اقبال مصحح دائرہ المعارف کے علاوہ علماء کرام و مشائخین عظام کے خطابات ہوں گے۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (راست) ابوالفداء اسلامک ریسرچ کے زیراہتمام محفل ختم دلائل الخیرات (درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیرنگرانی مولانا سید شاہ حسین شہیداللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 19 مارچ جمعرات کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ؒ شکرگنج مقرر ہے۔

جشن امام محمد انواراللہ فاروقی ؒ
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (راست) تحریک اسلامی کے زیراہتمام بضمن 100 سالہ عرس شریف جشن امام محمد انواراللہ فاروقی ؒ 19 مارچ جمعرات کو بعد نماز عشاء سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیرصدارت مولانا سید عزیزاللہ قادری (شیخ) بمعقولات (جامعہ نظامیہ) و زیرنگرانی مولانا مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی (نائب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ) منعقد ہوگا اور خصوصی خطابات کریں گے۔ قرأت کلام پاک سے 100 سالہ جشن کا آغاز ہوگا اور مبلغین تحریک اسلامی نعت مصطفی ؐ پیش کریں گے۔ صدر استقبالیہ حافظ خالد عبدالمنان (ناظم اعلیٰ دارالعلوم برکات الحرمین) ہوں گے۔ مولانا مفتی محمد مجاہد علی نقشبندی و امیر تحریک اسلامی مولانا محمد آصف بلال قادری اور نگران تحریک اسلامی مولانا محمد فاروق قادری کے خطابات ہوں گے۔

جلسہ عام جشن شیخ الاسلام ؒ
حیدرآباد ۔ 18 مارچ (راست) مسجد ٹیک نامپلی میں 19 مارچ جمعرات کو بعد نماز مغرب جلسہ عام جشن شیخ الاسلام ؒ بصدارت مولانا شاہ سید ظہیرالدین علی صوفی منعقد ہوگا۔ قرأت کلام پاک حافظ سید عاصم نقشبندی جبکہ نعت مولوی شبیراحمد پیش کریں گے۔ خصوصی خطاب مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی کا ہوگا۔