مذہبی خبریں

مسجد قبا پٹلم میں جلسہ شب قدر کا انعقاد
پٹلم ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : مستقر پٹلم کے مسجد قبا میں 22 رمضان بروز پیر 23 ویں رمضان کی شب کو جلسہ شب قدر کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ بعد تراویح کے جلسہ شب قدر کا آغاز حافظ شریف کے قرات کلام پاک سے کیا گیا ۔ جلسہ کی نظامت حافظ عبدالحفیظ حسامی نے چلائی اور خطاب کیا ۔ محمد اسمعیل نے نعت شریف پیش کی ۔ جناب سید زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی تلاوت کثرت کے ساتھ کرے ۔ نمازوں کا اہتمام کرتے ہوئے آخرت کا توشہ تیار کرنے کی کوشش کرنے کی تلقین کی ۔ حافظ عبدالعلیم فاروقی نے بھی خطاب کیا اور شب قدر کی فضیلت پر روشنی ڈالی ۔۔

فضائل شب قدر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : مسجد غوثیہ پروین محبوب گارڈن سات گنبد روڈ ٹولی چوکی میں 25 ویں شب 23 جولائی کو بعد نماز تراویح مولانا احمد عبید الرحمن اطہر فضائل شب قدر بیان کریں گے ۔ کمسن قاری شعیب شرف الدین کی قرات اور ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کی نعت شریف ہوگی ۔۔

جلسہ تلاش شب قدر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : جلسہ تلاش شب قدر 23 جولائی جامع مسجد اہل سنت الجماعت چلکل گوڑہ سکندرآباد میں بعد نماز تراویح منایا جارہا ہے ۔ نماز عشاء 9-30 بجے ہوگی ۔ اس جلسہ کی نگرانی حاجی محمد عبدالرزاق چندا صدر مسجد ہذا کریں گے ۔ قرات کلام پاک حافظ محمد عارف اور محمد معراج احمد ہدیہ نعت شریف پیش کریں گے ۔۔

حیدرآباد کے عصری مدارس کے
مقابلے قرات کلام پاک
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : حیدرآباد کے مختلف عصری مدارس کے طلباء نے قرات کلام پاک کے مقابلہ جات میں 24 اسکولس کے طلباء نے حصہ لیا ۔ انعام اول قاری سلیمان غوری ایم ایس ہائی اسکول ، انعام دوم قاری محمد عامر بن عمر سجاتا ہائی اسکول اور انعام سوم قاری عبداللہ عبدالقدیر سینٹ اینس ہائی اسکول نے حاصل کئے ۔ ججس کے فرائض حافظ و قاری عبداللہ کلیمی اور حافظ عبدالمنان انجام دئیے ۔ اور اپنی پر لطف آواز میں قرات کلام پاک کی سعادت حاصل کی مہمان خصوصی کی حیثیت سے محمد عبدالقیوم شاکر نے شرکت کی اور طلباء کو اپنے زرین مشوروں سے نوازا اور کہا کہ ایسے مقابلہ جات منعقد کرنے سے طلباء قرآن پاک سننے اور سنانے میں شوق اور ذوق پیدا کرسکتے ہیں اس مقابلے کی صدارت قاری عبدالباری مرحوم کے فرزند قاری عبدالباسط نے کی ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( راست ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک ) کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن مجید ‘ سے معنون اٹھارویں سالانہ حضرت تاج العرفاء یادگار خطابات کے سلسلہ میں 24 رمضان مسجد خورشید جاہی نامپلی اسٹیشن روڈ بعد نماز ظہر اور بعد نماز عصر بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے ۔۔

جامعہ نظامیہ حیدرآباد علم دین کا مضبوط قلعہ
مالیہ کے استحکام کی اپیل
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ نے بے شمار علماء ‘ سیاست داں ‘ شعراء ‘ ادباء ‘ ماہرین قانون ‘ ممتاز فاضلین ‘ معلمین ‘ مولفین ‘ مصنفین ‘ واعظین ‘ صحافی اور انتظامیہ کے ماہرین کوپیدا کئے ۔ جنہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق مختلف تعلیمی و رفاہی خدمات انجام دے کر ملک و قوم میں اعلیٰ مقام حاصل کیا ۔ 125 سالہ جشن تاسیس جامعہ نظامیہ کے موقعہ پر ملت کی فلاح و بہبود اور ان میں اصلاح معاشرہ اور تعلیمی بیداری کی غرض سے ایک دس نکاتی ترقیاتی پروگرام کا اعلان کیا اور اس پروگرام کی تکمیل کیلئے ملت کے حساس و بیدار مغز افراد علماء کرام ‘ مشائخین عظام ‘ دانشوران اور اہل صحافت سے تعاون حاصل کیا ۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ کا قیام عمل میں آیا ۔ تاکہ دختران ملت اعلیٰ دینی تعلیم سے آراستہ ہو کر قوم کی آئندہ نسلوں کی اصلاح و تعلیم میں اپنا فرض ادا کرسکیں ۔ جامعہ نظامیہ ایک اقامتی اسلامی یونیورسٹی ہے جہاں تعلیم کے علاوہ طلباء کے قیام وطعام اور دیگر ضروریات کا باقاعدہ انتظام ہے۔ جامعہ نظامیہ کا سالانہ موازانہ تین کروڑ روپئے ہے ۔جملہ مصارف قومی عطیات ‘ رقوم زکوٰۃ ‘چرم قربانی اور اس کی مملوکہ جائیدادوں کی محدود آمدنی سے تکمیل پاتے ہیں۔ اس وقت جامعہ کے مختلف تعلیمی شعبوں میں ایک ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں جن میں اقامتی طلبا کی تعداد سات سو پچاس ہے ۔ جامعہ نظامیہ کے تعمیری اور اصلاحی پروگراموںمیں اہل خیر حضرات کے تعاون کی سخت ضرورت ہے ۔ماہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ ہے اس مبارک و مسعود موقع پر ملت اسلامیہ اور بالخصوص اصحاب خیر سے مخلصانہ اپیل کی جاتی ہے کہ وہ زکوٰۃ اور عطیات کے ذریعہ جامعہ کا تعاون کریں ۔ صدر مرکز جامعہ شبلی گنج ‘ اور کمرشیل کامپلکس روبرو ایس بی ایچ گن فاونڈری حیدرآباد میں زکوٰۃ اور عطیات جمع کرسکتے ہیں ۔ ہر جمعہ مکہ مسجد میں اور عید الفطر کے دن عیدگاہ میر عالم میں وصولی زکوٰۃ کے مراکز قائم کئے جاتے ہیں ۔ فون نمبرات24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں کارکن آپ کے پاس بعد اجرائی رسید وصولی کا کام انجام دیں گے ۔

رمضان مبارک میں غرباء و مساکین ضرورت مند اقرباء کی مدد قابل ترجیح
حمیدیہ میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : رمضان مبارک میں اللہ تعالیٰ کے مومن اور عبادت گزار بندوں کے لئے نوید ہے کہ اس دہے میں پانچ طاق راتیں ہیں جن میں اللہ تعالیٰ نے شب قدر کو پوشیدہ فرما دیا ہے جس میں کلام حق تعالیٰ لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر یکبارگی نازل ہوا۔ قرآن پاک سے نسبت نے اس رات کو سارے برس کی تمام راتوں پر ایسا امتیاز و اعزاز عطا کیا ہے کہ یہ ایک رات ہزاروں مہینوں سے زیادہ قدر و فضیلت رکھتی ہے اس رات ایمان و اخلاص کے ساتھ عبادت و قیام کرنے والا بارگاہ خداوندی سے بے حد و شمار اجر و ثواب سے سرفراز کیا جاتاہے۔ شب قدر میں قرآن پاک نازل ہوا اور شب میلاد کی صبح کو صاحب قرآن حضور ختمی مرتبت احمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ظہور قدسی کا عظیم البرکات واقعہ ہوا۔اس لحاظ سے شب میلاد کی منفرد اورعلو منزلت اہمیت ہے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 22 رمضان المبارک کو بعد نمازعصر حمیدیہ شرفی چمن میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے ’’حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے اٹھارویں سال کے 22 ویں روز منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس کا آغاز قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہ شہنشاہ کونینؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ رمضان مبارک میں صلوٰۃ و صوم کے ساتھ زکوٰۃ کی ادائیگی موجب سعادت ہے علاوہ ازیںمدات خیر سے بھی غریبوں، مسکینوں، حاجت مندوں، ناداروں کی مالی اعانت اور غمخواری کا موثر معمول اس ماہ مبارک میں روح میں بالیدگی کا سبب اور حصول رضاے مولی تعالیٰ کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنے مال سے کچھ خرچ کرنا، فاقہ کشوں کی شکم سیری کا سامان کرنا، برہنہ تن ضرورت مندوں کو کپڑے پہنانا، بیماروں کا علاج و معالجہ کروانے کے لئے مالی ایثار ، بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا، صلہ رحمی کرنا ، مہمان نوازی، یتامیٰ کی سرپرستی اور بیوگاں کی مالی خدمت ،علوم دین کے حصول میں مصروف و سرگرم طلباء کے خور و نوش و لباس کا انتظام کرنااور ہر وہ کام جو مخلوق خدا کے لئے راحت رسانی کا ذریعہ ہو ہر وقت اگر چہ کہ پسندیدہ اور محبوب کا م ہے لیکن رمضان مبارک میں ان کی اہمیت،وقعت کہیں زیادہ ہے اور بہ اعتبار شرح اجر و ثواب میں بے پناہ اضافہ انفاق کرنے والوں کے لئے انعام حق تعالیٰ ہے۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد 22 جولائی (پریس نوٹ) سماعت قرآن برائے خواتین 24 اور 25 رمضان المبارک کو صبح 9 تا 2 بجے دن بمقام شادی خانہ عامر منزل سلطان پورہ زیر صدارت محترمہ سعادت بیگم مقرر ہے ۔ الحاجہ ہاجرہ بیگم اور الحاجہ رضوانہ بیگم پیرانی ماں واعظ کریں گے ۔