قرآن مجید انسان کے لیے ہدایت کا سرچشمہ
جلسہ شب برات پر اجلاس ، مولانا محمد اقبال احمد رضوی ، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : قرآن مجید کا نزول قیامت تک بنی نوع انسان کی ہدایت کے لیے کیا گیا ہے جو کوئی احکامات خداوندی اور سنت رسولؐ کے مطابق اپنی زندگیوں کو گزارے گا یقینا وہ آخرت میں کامیاب ہوگا ۔ صرف لاالہ الا اللہ کہہ لینے سے ایمان مکمل نہیں ہوتا بلکہ محمد رسول اللہ ﷺ کا اقرار و اظہار بھی ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مکتبہ قادریہ اسلامک سنٹر دبیرپورہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام تیرہواں مرکزی جلسہ شب برات کے ضمن میں منعقدہ اجلاس سے مولانا محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہر حال مسلمانوں کو کسی بھی صورت سے ڈرنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اتباع رسولؐ میں اپنی زندگی گزارنے والے بن جائیں ۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ آج ہم کو دو خطوط پر کام کرنے کی ضرورت ہے ایک تو اپنے عقیدہ کی حفاظت کرنا ہے تو دوسرا نوجوانوں کو مختلف برائیوں سے بچانا ہے ۔ جس کے لیے پہلے مرحلے میں ہمیں اپنے گھروں میں سیرت النبیؐ و سیرت صحابہؓ کے مطالعہ کا آغاز کرنا چاہئے ۔ محمد شاہد اقبال قادری صدر نے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی مغل پورہ پلے گراونڈ پر اپنا مرکزی جلسہ شب برات منعقد کرنے جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معراج النبی کانفرنس میں بڑھتی ہوئی ہزاروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مغل پورہ پلے گراونڈ پر مرکزی جلسہ شب برات میں 50 ہزاروں سامعین کی شرکت اور سہولیات فراہم کرنے اور جلسہ شب برات کو کامیاب بنانے کی پوری پوری کوشش کی جارہی ہے ۔ مولانا محمد مرشد عالم رضوی القادری نظامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دعوت و تبلیغ عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے پیش نظر ایک انقلابی پیام کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اجلاس کا آغاز حافظ شیخ حسین قادری ملتانی کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں ملک محمد اسمعیل علی خاں نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔ جناب محمد احمد خاں ، مولانا محمد عبدالحلیم نعیمی ، ملک محمد ابراہیم علی خاں خالد ، محمد معز الدین نقشبندی ، سید لئیق ، سید عثمان ، سید طاہر علی ، محمد امجد حسین ، محمد غوری ، محمد جہانگیر ، محمد یوسف ، محمد عمران کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد اجلاس میں شریک تھی ۔ آخر میں صلوۃ و سلام پر دعا و اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔۔
شرعی عدالت جامعتہ المومنات کا آج اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : شرعی عدالت جامعتہ المومنات کا ہفتہ واری اجلاس 3 جون 5 تا 8 بجے شام مفتی محمد حسن الدین امیر شریعت کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ جس میں مسلمانوں کے آپسی تنازعات تقسیم میراث ، نکاح ، طلاق ، خلع ، نفقہ جیسے اہم مسائل کے فیصلے کئے جاتے ہیں ۔۔
اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : صدر الگیلانی عالمی سوسائٹی حلقہ یاقوت پورہ مولانا شیخ سالم باوزیر قادری کے بموجب حضرت الشیخ صالح باوزیر خادم ؒ کے سالانہ فاتحہ کے ضمن 5 شعبان بروز چہارشنبہ بعد نماز عصر مسجد مالن بی صاحبہ المعروف مسجد ریتی چھاونی ناد علی بیگ یاقوت پورہ میں تلاوت کلام پاک بعد مغرب روبرو مسجد ریتی نعت خوانی و بردہ شریف و حلقہ ذکر اور محفل سماع تمام شب زیر نگرانی شیخ سالم باوزیر قادری چشتی مقرر ہے ۔۔
٭٭ عرس شریف حضرت الحاج محمد نصر اللہ شاہ چشتی مرزائی واقع احاطہ درگاہ حضرت مرزا سردار بیگ قبلہؒ بھوئی گوڑہ کمان آغا پورہ میں 25 اور 26 جون کو مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق 26 جون کو بعد مغرب محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس مولانا محمد نور اللہ شاہ چشتی مرزائی سجادہ نشین انجام دیں گے ۔۔
درس حدیث
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : مسجد حسینی وجئے نگر کالونی روبرو آئی ٹی آئی گلڈ میں بروز منگل بعد نماز عشاء مولانا مفتی تجمل حسین قاسمی حدیث کا درس دینگے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے ہوگی ۔۔
آج خواتین کا اسلامی اجتماع
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : خواتین کے لیے اسلامی معلومات پر مشتمل اجتماع بروز منگل 11-30 بجے دن تا 1 بجے دن قیام گاہ جناب مرزا قادر بیگ دلشاد نگر کالونی ریتی باؤلی میں مقرر ہے ۔ محترمہ رضیہ نگرانی کریں گی ۔۔
آج ماہانہ مجلس حضرت خواجہ محبوب مرزا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جون : ( راست ) : ماہانہ مجلس حضرت خواجہ محبوب مرزا چشتیؒ 4 شعبان کو بعد مغرب گلشن محبوب واقع نزد مسجد دادا میاں کوکا کی ٹٹی حسینی علم میں مقرر ہے ۔ پیر محمد ایوب احمد پاشاہ محبوبی نگرانی کریں گے ۔ مجلس سماع ہوگی ۔۔