مذہبی خبریں

محفل درس قرآن
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : قرآن و سیرت سوسائٹی کے زیر اہتمام ہفتہ واری محفل درس قرآن بروز چہارشنبہ بعد نماز مغرب بمقام اندرون خواجہ کا چھلہ مغل پورہ میں منعقد ہوگی ۔ سورہ الاعراف کا سلسلہ وار درس اور تفسیر بیان کی جائے گی ۔ خواتین کے لیے پردہ کا انتظام رہے گا ۔۔

جلسہ استقبال ماہ رمضان المبارک
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( فیاکس ) : جلسہ استقبال ماہ رمضان المبارک کا خصوصی پروگرام بمقام نئی مسجد اسلامک سنٹر ٹولی چوکی سات گنبد روڈ 25 مئی بعد نماز مغرب منعقد کیا جارہا ہے ۔ پروفیسر حامد محمد خاں و مولانا مفتی تنظیم عالم قاسمی مخاطب کریں گے ۔۔

محفل درود شریف اور محفل نعت پاک ؐ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : محفل نعت پاک ﷺ بسلسلہ سالانہ فاتحہ حضرت مولانا غلام محمد قریشی القادریؒ 17 شعبان بعد نماز مغرب بمقام قدیم سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات حسینی علم زیر نگرانی حافظ مولانا غلام احمد قریشی مقرر ہے ۔ قبل ازیں درود شریف کی محفل ہوگی ۔ بعد نماز عشاء مزار شریف پر چادر گل پیش کی جائے گی ۔۔

آج کے تعارفی اجتماعات برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : جامعتہ المومنات کا سالانہ ریاستی اجتماع کے بضمن 25 مئی حسب ذیل مقامات پر تعارفی اجتماعات مقرر ہے ۔ ڈاکٹر رضوانہ زرین پرنسپل صدارت کریں گی ۔ مدرسہ سعید للبنات غوث نگر بنڈلہ گوڑہ میں 12 بجے دن ، مدرسہ فاطمہ البنات وٹے پلی میں 11 بجے دن ، مدرسہ مدینتہ البنات معین باغ میں بعد مغرب ۔ خواتین و طالبات سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔۔

جامعہ دارالفرقان للبنات کے
دو سالہ شرعی ڈپلومہ کورس میں داخلے
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : محمد عبدالرافع صدیقی سکریٹری جامعہ دارالفرقان للبنات سعید آباد کے بموجب جامعہ میں دو سالہ شرعی ڈپلومہ کورس میں داخلے جاری ہیں ۔ صبح 9 بجے تا 3-30 بجے دوپہر ( فون 24074847 ) ربط کریں ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : دو روزہ عرس شریف حضرت الحاج محمد نصر اللہ شاہ چشتی مرزائی واقع احاطہ بارگاہ مرزائیہ بھوئی گوڑہ کمان آغا پورہ میں 3 اور 4 جون کو مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق 3 جون بروز جمعہ صندل شریف 4 جون کو بعد مغرب محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس مولانا محمد نور اللہ شاہ چشتی مرزائی سجادہ نشین متولی انجام دیں گے ۔۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : عرس شریف قطب دکن حضرت سیدنا بابا فخر الدین سہروردی المعروف حضرت میٹھے شاہ ولیؒ واقع جل پلی پہاڑی شریف میں 21 شعبان اتوار کو مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق صندل شریف بعد نماز مغرب جامع مسجد جل پلی سے برآمد ہوگا بعد مراسم صندل مالی محفل سماع ہوگی ۔ مراسم عرس شاہ محمد رحیم الدین شکیل سہروردی سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔۔

 

مجلس قادری
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : مجلس قادری 17 شعبان مرقد عشاق نزد بند ناکہ بارگاہ حضرت فضل میں منعقد ہے ۔ عصر تا مغرب نعت و منقبت کی محفل ہوگی ۔ اس مجلس کے داعی الحاج نواز موسی مقتدری القادری ہیں ۔۔

 

مولانا محمد صلاح الدین سیفی نقشبندی کی آمد و پروگرام
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : مولانا محمد صلاح الدین سیفی نقشبندی خلیفہ مولانا پیر ذوالفقار احمد مجددی 28 مئی دوپہر 2 بجے حیدرآباد آرہے ہیں ۔ مولانا اسی دن بعد نماز مغرب مدرسہ سبیل الفلاح بنڈلہ گوڑہ میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن سے خطاب کریں گے ۔ 29 مئی اتوار صبح 10 بجے تا 2 بجے دن دعوہ اسلامک اکیڈیمی کے پہلے سالانہ جلسہ میں آفیسرس میس فنکشن ہال ملک پیٹ میں خطاب کریں گے اور بعد نماز مغرب مدرسہ فیض القرآن کشٹاپور تعلقہ پرگی ضلع رنگاریڈی میں جلسہ سالانہ سے خطاب کریں گے ۔ مزید تفصیلات کیلئے 9985032505 ۔ 9246341893 پر ربط کریں ۔۔

 

شب براء ت عفوومغفرت اور رحمت سے معنون
شہر کی مختلف مساجد میں جلسہ ہاے فضائل شب براء ت سے ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اللہ تعالیٰ احرم الرٰحمین، بہت معاف فرمانے والا،بڑی قدرت والا، اپنے بندوں کی توبہ قبول فرمانے والا، نادم و شرمسار بندوں کی مغفرت طلبی پر انہیں بخشنے والا، بندوں کے عیوب کو چھپانے والا، بندوں پر بروقت فضل و کرم فرمانے والا ہے۔ اس نے اپنی شان کریمی سے اپنے بندوں کو بار بار ایسے مواقع عطا فرمائے ہیں تا کہ بندے خلوص دل کے ساتھ اس کی بارگاہ میں رجوع ہو جائیں اور اس سے معافی، مغفرت اور رحمت مانگیں اور وہ ہر مانگنے والے کو عطا فرماتا ہے۔ ایسا ہی عظیم الشان موقع شعبان المعظم کی پندرھویں شب ’’شب براء ت‘‘ ہے۔ابن ماجہ و بیہقی میں حضرت علی کرم اللہ وجہہٗ سے مروی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یہ ارشاد مبارکہ ملتا ہے کہ حضور انورؐ نے ارشاد فرمایا کہ ’’جب شعبان کی پندرہویں رات ہو تو رات کو جاگا کرو اور اس کے دن میں روزہ رکھا کرو ۔جب سورج غروب ہوتا ہے اس وقت سے اللہ تعالیٰ اپنی شان کے موافق آسمان دنیا پر نزول فرماتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ ہے کوئی مغفرت طلب کرنے والا تا کہ میں اسے بخش دوں، ہے کوئی رزق طلب کرنے والا تا کہ میں اس کو رزق دوں، ہے کوئی مصیبت زدہ تا کہ میں اس کو اس مصیبت سے نجات دوں۔ یہ اعلان طلوع فجر تک ہوتا رہتا ہے‘‘۔ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے یکشنبہ22؍مئی کو جلسہ ہاے فضائل شب برات کے اجتماعات سے جو 9بجے صبح ایوان تاج العرفاء، حمیدآباد، سبزی منڈی ، 11-30 بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی ،مالاکنٹہ، روبرومعظم جاہی مارکٹ، بعد نماز ظہر مسجد بارگاہ یوسفینؒاور مسجد شاہ عبد الرزاقؒ، جیا گوڑہ،قبل نماز عشاء مسجد حضرت سیدہ فاطمہ زہرا ؑ جھرہ آصف نگر روڈ،بعد نماز عشاء مسجد ممتاز منشن لکڑی کا پل، سیف آباد، مسجد خورشیدجاہی نام پلی اسٹیشن روڈ، مسجدرضیہ حسین، شرفی چمن اور مسجد کلاں قلعہ گولکنڈہ میں منعقد ہوے تھے ،خطاب کرتے ہوے حدیث شریف کے حوالوں سے بتایا کہ شب براء ت کو سبھی طالبان مغفرت بخش دئیے جاتے ہیںبجز مشرک، والدین کا نافرمان، شرابی، چغلخور، قاطع رحم، ایذا رساں، حاسد اور کینہ پرور۔انھوں نے مدارج النبوہ کے حوالے سے بتایا کہ اللہ تعالیٰ چار راتوں میں خیر و برکت کے دروازے صبح تک کھلا رکھتا ہے یعنی شب عید الاضحی، شب عید الفطر، شب عرفہ اور شب نصف ماہ شعبان۔ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے بتایا کہ شب براء ت میں سال بھر کے رزق، زندگی، عزت و دولت، حج کے علاوہ دیگر خاص امور لوح محفوظ سے فرشتوں کے صحیفوں میں نقل کر کے ہر صحیفہ اس محکمہ کے فرشتوں کو دے دیا جاتا ہے جیسے ملک الموت کو تمام مرنے والوں کی فہرست وغیرہ۔بیہقی میں رسول اللہؐ کا ارشاد مبارک ہے کہ’’ اس(شب براء ت) میں اس سال پیدا ہونے والے بنی آدم لکھ دئیے جاتے اور اس سال مرنے والے سارے انسان لکھ دئیے جاتے ہیں۔ اس رات میں اعمال اٹھائے جاتے ہیں رزق اتارے جاتے ہیں‘‘۔ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ فرماتی ہے کہ نصف ماہ شعبان رسول اللہؐ نے بقیع شریف میں سر اقدس کو آسمان کی جانب اٹھائے دعا مانگی اور حضرت عائشہؓ سے فرمایا کہ’’ یہ رات نصف شعبان کی ہے اس رات حق تعالیٰ آسمان دنیا پر نزول اجلال فرماتا ہے اور بنی کلب کی بکریوں کے بالوں کی گنتی سے زیادہ لوگوں کی مغفرت فرماتا ہے‘‘۔

 

قرات ، حمد ، نعت و اذاں کی
فری تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : کلیتہ البنین جامعتہ المومنات مغل پورہ میں 25 مئی بعد نماز عشاء قرات ، حمد ، نعت و اذاں کی مفت تربیتی کلاسیس حافظ محمد صابر پاشاہ قادری لیں گے مولانا محمد مستان علی قادری نگرانی کرینگے ۔۔

 

انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ کی جانب سے تراویح کیلئے حفاظ و مساجد کا نظم
حیدرآباد۔/24مئی، ( فیکس ) معتمد انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ مولانا الحاج محمد سلطان احمد نقشبندی کے بموجب ہر سال کی طرح اس سال بھی انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ کی جانب سے نماز تراویح میں سوا پارہ ، دیڑھ پارہ، دو پارے، تین پارے ، پانچ پارے، چھ پارے اور دس پارے تلاوت کیلئے جید ، مجود و خوش الحان حفاظ کرام کا ریاست و بیرون ریاست انتخاب عمل میں آرہا ہے۔ نماز تراویح کا اہتمام کرنے والے مساجد، اسکولس و فکشن ہالس انتظامیہ اور مزید حفاظ کرام سے خواہش کی جاتی ہے کہ جلد مولانا حافظ و قاری محمد عبدالقدیر نقشبندی (صدر انجمن 9393268012 ) مولانا محمد سلطان احمد نقشبندی ( معتمد انجمن 9247130620 ) مولانا محمد محی الدین قادری محمودی ( خازن انجمن 9440332294 ) سے دن کے اوقات میں رابطہ کریں یا دفتر انجمن طلبہ قدیم جامعہ نظامیہ واقع مسجد محمدی ( جلو خانہ لاڑ بازار حیدرآباد ) میں نماز عصر تا عشاء بالمشافہ ملاقات کریں۔

مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں
جلسہ شب برأت کا انعقاد
حیدرآباد۔/24مئی، ( راست ) مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں جلسہ شب برأت منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز حافظ سید عاصم نقشبندی امام و خطیب مسجد ہذا کی قرأت سے ہوا۔ حافظ محمد خان صاحب نقشبندی نے بارگاہ خیرالانامؐ میں ہدیہ نعت پیش کرتے ہوئے سماں باندھ دیا۔ مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ نے فضائل شب برأت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ  تعالیٰ نے اس امت کے گنہگاروں کی بخشش کیلئے چند خاص مواقع عنایت فرمائے ہیں انہیں میں سے ایک موقع شعبان کی پندرھویں شب ہے۔ اس رات میں غروب شمس سے لیکر طلوع فجر تک اللہ تعالیٰ آسمان دنیا پر اپنی خاص تجلی ڈالتا ہے اور فرماتا ہے کہ ہے کوئی مغفرت کا طلبگار کہ میں اس کو بخش دوں، ہے کوئی روزی میں کشادگی چاہنے والا کہ میں اس کی روزی میں وسعت دوں۔ ہے کوئی مصیبتوں میں گھرا ہوا کہ میں اس کو عافیت دوں، ہے کوئی اس طرح، ہے کوئی اس طرح، یہاں تک کہ فجر ہوجاتی ہے۔ اس موقع پر اراکین کمیٹی جناب عبدالرؤف غازی، جناب قاضی سید شاکر، جناب سید اطہر حسین، جناب محمد بلال، جناب محمد کریم الدین، جناب اشرف، جناب غوث، جناب وحید خان اور مصلیان مسجد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 

حضرت بابا شرف الدین صاحب سہروردی عراقی ؒ کی عرس تقاریب کا آغاز
حیدرآباد۔/24مئی، ( راست ) قطب الاقطاب شہنشاہ دکن سلطان العارفین حضرت سیدنا بابا شرف الدین صاحب قبلہ سہروردی عراقی ؒ واقع پہاڑی شریف کے عرس شریف کا 16تا22 شعبان مطابق 24تا 30 مئی بروز منگل تا پیر انعقاد عمل میں آیا۔ 16شعبان ٹھیک 12بجے شب بارگاہ عالیہ کو غسل شریف صندل شریف سے ہوا۔ الحاج پیر زادہ سید فرید الدین سہروردی، پیر زادہ سید اقبال حسین سہروردی، پیر زادہ سید حافظ و قاری سید محی الدین، پیر زادہ سید سلیم سہروردی، پیر زادہ سید اشرف علی سہروردی، پیر زادہ سید شمس الدین سہروردی، پیر زادہ سید نصیرسہروردی، خادم پیر زادہ سید جہانگیر پاشاہ سہروردی، جمیع پیرزادگان و ہزاروں زائرین عقیدتمندوں کی موجودگی میں غسل شریف کی رسم ادا کی گئی۔ بعد غسل شریف قصیدہ بردہ شریف حضرت قاری حبیب عمر الکاف کی جماعت کا ہوا۔ اسی شب موضع بالاپور میں ٹھیک 12بجے شب جلوس صندل مبارک پیر زادہ سید فرید پاشاہ، پیرزادہ سید احمد علی، پیر زادہ سید اکرم علی و جمیع پیرزادگان مجلس تولیت کمیٹی کی نگرانی میں نکل کر کتہ پیٹ شاہین نگر سے ہوتا ہوا جل پلی درگاہ حضرت شکر شاہ ولی سہروردی ؒ پر قبل نماز فجر پہونچا۔ بعد ادائیگی نماز فجر جلوس صندل مبارک کا جمیع پیرزادگان مجلس تولیت کمیٹی و ہزاروں زائرین عقیدت مندوں نے استقبال کیا اور جلوس صندل مبارک 7 ساعت صبح بارگاہ عالیہ پہونچا۔ تمام پیرزادگان نے صندل مالی کی رسم انجام دیئے۔ تناول طعام و عام کا بھی انتظام رہے گا۔ 19شعبان م 27مئی بروز جمعہ کو پنجہ شاہ ولایت نظامس ٹرسٹ کی جانب سے بعد نماز عشاء قدیم جلوس صندل مبارک نکل کر چارمینار، سید علی چبوترہ سے ہوتا ہوا انجن باؤلی، جامع مسجد جنگم میٹ میں چھلہ مبارک حضرت بابا علیہ الرحمہ پر توقف کرے گا۔ وہاں سے چندرائن گٹہ، شاہین نگر سے ہوتا ہوا جامع مسجد پہاڑی شریف قبل نماز فجر پہونچے گا۔ بعد ادائی نماز فجر جلوس صندل مبارک 20شعبان مطابق 30مئی بروز پیر کی صبح بارگاہ عالیہ پہونچے گا۔ 20شعبان کی شب محفل چراغاں جمیع پیرزادگان مجلس تولیت کمیٹی کی طرف سے آستانہ عالیہ میں روشن کئے جائیں گے۔ 22 شعبان مطابق 30مئی محفل قل بروز پیر بعد نماز فجر تلاوت قران خوانی قصیدہ بردہ شریف ہوگا اور ٹھیک 11:30 بجے دن مجلس تولیت کمیٹی و جمیع پیرزادگان کی نگرانی میں آستانہ عالیہ میں غسل شریف ( یعنی قل کی محفل ) کی رسم انجام دی جائے گی۔ تناول طعام خاص و عام کا بھی انتظام رہے گا۔ مجلس کا اختتام الحاج پیر زادہ سید فرید الدین سہروردی قادری گدی نشین آستانہ عالیہ، امام و خطیب مسجد بارگاہ کی دعاء پر اختتام ہوگا۔ عرس شریف کی اسپیشل بسیں چلائی جائیں گی۔