ہر صاحبِ نصاب کی علٰحدہ قربانی
مولانا غوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( راست ) : صدر آل انڈیا مسلم کانفرنس مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اھلِ سُنّت و الجماعت سے ہٹے ہوئے ایک فرقہ کی جانب سے یہ غلط فہمی پیداکی جارہی ہے کہ ایک خاندان میں اگر دو چار اہلِ نصاب ہوں تو انکی جانب سے صرف ایک ہی قربانی لازم ہے یہ بات ازروئے قانونِ شریعت بالکل غلط اور سراسر بے بنیاد ہے جبکہ ہر خاندان کے ہر صاحب نصاب فرد کی جانب سے علٰحدہ علٰحدہ قربانی لازم ہے یہی مسلک اھل سُنّت و الجماعت کے آئمہ کا طریقہ کار ہے اور اِس پر عمل ہر اھلِ سُنّت و الجماعت پر لازمی ہے۔
حمیدیہ میں آج نویں اور اختتامی
محفل سیرت حضرت ابراہیم ؑ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( آئی ہرک ) اور انتظامی کمیٹی حضرت تاج العرفاءؒ کے زیر اہتمام جاری یکم تا 9 ذی الحجہ سالانہ محافل سیرت حضرت ابراہیم ؑ سلسلہ کی آج بروز پنجشنبہ نویں اور اختتامی محفل صبح 8 بجے بمقام حمیدیہ واقع شرفی چمن سبزی منڈی قدیم منعقد ہوگی ۔ جس کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاء کریں گے ۔ مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے ۔۔
ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری خلیفہ حضرت ابوالفداء 24 ستمبر بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔۔
جامعہ نظامیہ حیدرآباد علم دین کا گہوارہ
چرم قربانی و عطیات کے ذریعہ مالیہ کے استحکام کی اپیل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث ‘ مولانا حافظ محمد عبداللہ قریشی ازہری نائب شیخ الجامعہ ‘ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ ‘ مولانا سید عزیز اللہ قادری ‘ مولانا میر لطافت علی شیخ التفسیر ‘ مولانا حافظ سید ضیا الدین ‘ مولانا قاضی محمد نسیم احمد ‘مولانا محمد عبد القوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملت اسلامیہ کے لئے علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ ’’ جامعہ نظامیہ ‘‘ محتاج تعارف نہیں ‘ جامعہ نظامیہ کا وجود بابرکت ملت اسلامیہ ہند کا عزیز ورثہ بھی ہے ۔ اور سرمایہ افتخار بھی ہے ۔ دارالافتاء جامعہ نظامیہ کے فتاوی ملک اور ریاست کی عدالتوں میں مستند اور معتبر تسلیم کئے جاتے ہیں ۔ جامعہ نظامیہ سے ملحقہ مدارس ریاست اور بیرون ریاست میں موجود ہیں ۔ جن کی تعداد 261 ہوگئی ہے ۔ ان مدارس میں طلباء کی تعداد تقریباً 50 ہزار ہے ۔ اہل خیر حضرات کی توجہ کی ضرورت ہے ۔ جامعہ نظامیہ کے جملہ مصارف قومی عطیات اور مملوکہ جائیداد کی محدود آمدنی سے ہوتے ہیں ۔آمدنی و خرچ کی آڈٹ ہوتی ہے ۔ اہل خیر حضرات اور تاجرین سے اپیل ہے کہ وہ اس ادارہ کا معائنہ کریں اور ارباب جامعہ سے تفصیلات معلوم کریں ۔ عید الاضحی کے مسعود موقع پر چرم قربانی و عطیات سے تعاون کریں ۔ جامعہ نظامیہ شبلی گنج پر وصول چرم قربانی کا کاونٹر قائم ہے یہاں جمع کرسکتے ہیں یا محلہ واری ذیلی مراکز پر جمع کرسکتے ہیں یا فون نمبرات 24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آکر وصولی کا کام انجام دیں گے ۔
عرس شریف
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت بیکس نواز خواجہ شاہ ابوالرضا سید محمد بادشاہ محی الدین وجودی شمسی کا آغاز 11 ذی الحجہ شام 5 بجے برآمدگی صندل شریف از دولت خانہ عالیہ بارکس وجودی نگر ہوگا ۔ بعد مغرب رسم صندل مالی و سلام خیرالانام ۔ 12 ذی الحجہ بعد نماز عصر ختم قرآن از دولت خانہ عالیہ ۔ 13 ذی الحجہ 10 بجے دن تا ایک بجے محفل سماع و پیشکشی چادر سلام خیرالانام و دعا ہوگی ۔ عرس شریف کے جملہ مراسم متولی و سجادہ نشین بارگاہ عالیہ حضرت خواجہ معین الدین خالدی چشتی القادری انجام دینگے ۔۔