مذہبی خبریں

استقبال رمضان المبارک
٭٭ مسجد صفہ جانکی نگر کالونی ٹولی چوکی میں بروز جمعرات 25 مئی بعد نماز عشاء مولانا محمد عامر خان قاسمی روزہ کی فضیلت اور اہمیت کے بارے میں تفصیلی خطاب کریں گے ۔ عشاء کی نماز ٹھیک 8.30 بجے ہوگی ۔

 

جلسہ استقبال رمضان برائے خواتین
حیدرآباد ۔/24  مئی (راست) مسلم ویمن ویلفیر اسوسی ایشن کے زیراہتمام خواتین و طالبات کیلئے جلسہ استقبال رمضان المبارک زیرنگرانی محترمہ بدر فاطمہ ، صدر مسلم ویمن ویلفیر اسوسی ایشن گارڈن پلازہ فنکشن ہال نزد سنتوش نگر پانی کی ٹانکی /25 مئی بروز جمعرات کو دوپہر 2.30 تا 5 بجے شام مقرر ہے ۔ مقررین مختلف عنوانات پر تقاریر کریں گے ۔
٭٭ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ، خلوت کے زیراہتمام جلسہ استقبال رمضان المبارک برائے خواتین و طالبات /25 مئی بروز جمعرات (دو بجے دن) شاہ منزل ، خلوت پر زیرصدارت محترمہ ناصرہ خانم (ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ) منعقد ہوگا ۔ محترمہ خورشید فرزانہ (معاون ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ و محترمہ ڈاکٹر صوفیہ بیگم (ایڈوکیٹ) و رکن وقف بورڈ تلنگانہ بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کریں گی ۔

جلسہ استقبال رمضان
حیدرآباد ۔ /24 مئی (راست) جناب فضل محمد خان کی اطلاع کے بموجب /25 مئی بروز جمعرات بیت الخیر کامپلکس چوتھی منزل انجمن گراؤنڈ ملے پلی میں بعد نماز مغرب جلسہ استقبال رمضان منعقد ہے ۔ جناب محمد شمس الدین قرآن مجید کی تلاوت و اردو ترجمانی پیش کریں گے ۔ ڈاکٹر محبوب فرید بعنوان رمضان رحمتوں برکتوں اور مغفرت کا مہینہ خطاب کریں گے ۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ /24 مئی (راست) حضرت سید شاہ عسکری چشتی قادری الشطاری قبلہ قدس سرہ کے عرس مباک کی تقاریب درگاہ شریف مسجد آستانہ شطاریہ دبیر پورہ میں /25 مئی زیرسرپرستی مولانا سید محمد قبول بادشاہ حسنی الحسینی قادری الشطاری ادیب جانشین حضرت کامل مقرر ہے ۔ بعد عصر تلاوت قرآن مجید بعد مغرب صندل مالی فاتحہ سبوچہ چراغاں فاتحہ و دعا امن و سلامتی بعد نماز عشاء خانقاہ کامل میں محفل سماع ہوگی ۔ مولانا سید غلام غوث شیخن احمد حسنی الحسینی قادری الشطاری کامل بادشاہ منتخب سجادہ نشین متولی مرکزی آستانہ شطاریہ مراسم عرس شریف انجام دیں گے ۔

سنی مرکز میں ’’صاحب قرآن کانفرنس‘‘
حیدرآباد ۔ /24 مئی (راست) تحریک اسلامی کے سنی مرکز کے دارالعلوم برکات الحرمین کا ’’صاحب قرآن کانفرنس‘‘ و تکمیل حفظ قرآن مجید دستار بندی و تقسیم اسناد /25 مئی کو 8.45 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں زیر نگرانی مولانا سید محمد حسینی القادری اور زیرصدارت مفتی سید شاہ صغیر احمد نقشبندی خصوصی خطاب کریں گے ۔ طلباء کی قرأت کلام پاک و نعت رسول ﷺ سے آغاز ہوگا ۔ نگران کانفرنس مولانا سید شاہ منتجیب پاشاہ قادری ہوں گے اور مہمانان خصوصی مولانا ولی اللہ محمد علی صدیقی ، مولانا محمد رضوان قریشی و مولانا محمد مجاہد علی نقشبندی قادری اور جناب سید رحمت اللہ شریف ہوں گے ۔ اس موقع پر امسال حفظ قرآن تکمیل کرنے والے 10 حفاظ کرام کو حفظ قرآن مجید کی تکمیل پر اسناد تقسیم کئے جائیں گے اور علماء کے ہاتھوں دستار بندی اور شالپوشی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ ناظم مدرسہ ہذا مولانا خالد عبدالمنان قادری تعلیمی رپورٹ پیش کریں گے ۔

 

زیارت آثار مبارک و غلاف شریف حضور غوث الاعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : جشن ولادت باسعادت زیارت آثار شریف و غلاف مبارک قطب ربانی غوث الصمدانی حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر الگیلانی غوث الاعظم ؒ زیر نگرانی مولانا الحاج سید شاہ حیدر علی حسینی القادری حضرت حیدر پاشاہ 25 مئی خانقاہ قادریہ شریف باقر نگر ( بستی نبی کریم ) عیدگاہ تالاب میر عالم مقرر ہے ۔ صبح 10 تا 11 بجے دن ختم قران مجید ہوگا ۔ 11 تا 2 بجے دن محفل سماع منعقد ہوگی ۔ اس موقع پر حضور غوث الاعظم ؒ کے موئے مبارک اور مکمل غلاف شریف مزار اقدس حضور غوث الاعظمؒ کی زیارت کروائی جائے گی ۔۔

محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہؒ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : محفل فیضان حضرت نذر محبوب شاہ قادریؒ و جشن ولادت حضرت غوث اعظمؒ استقبال ماہ رمضان المبارک 25 مئی جمعرات آستانہ عالیہ فیض النذر موضع ڈی پوچم پلی منڈل قطب اللہ پور نزد دنڈیگل پولیس اسٹیشن ضلع رنگاریڈی بعد نماز عشاء منعقد ہوں گی ۔ بعد عصر چادر گل شجرہ خوانی و فاتحہ خوانی ہوگی ۔ مولانا محمد منور علی قادری کی قرات کلام ، سید یوسف قادری ، بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت پیش کریں گے بعد ازاں محفل سماع منعقد ہوگی ۔۔

 

جلسہ حفظ قرآن و استقبال رمضان
٭٭    مدرسہ تعلیم القرآن کا سالانہ جلسہ حفظ قرآن و استقبال رمضان المبارک 25 مئی جمعرات بعد نماز عصر الحاج محمد عبدالشکور کی زیر سرپرستی میں مسجد فقراء سراج محمدیہ قریب بی ڈی ایل کمپنی کنچن باغ میں منعقد ہے ۔ صدارت مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری کریں گے ۔ آغاز حافظ و قاری محمد عبدالباسط رشادی ، قاری شوکت اللہ غوری کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ نعت شریف مولوی عمیر مسعودی ، محمد انعام  الحق فیضی اور محمد عبدالغنی نظیف نعت سنائیں گے ۔ مولانا حسام الدین جعفر پاشاہ ، مولانا محمد عبدالقیوم ، مولانا غیاث احمد رشادی ، خصوصی خطاب کریں گے اس موقع پر مدرسہ تعلیم القرآن کے طلباء کا تعلیمی مظاہرہ ہوگا ۔ مولانا محمد عبدالمغنی مظاہری تکمیل حفظ فرما کر دعا کریں گے ۔۔

بضمن جشن وارث نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : بضمن جشن وارث ماہانہ نعتیہ مشاعرہ 26 مئی بروز جمعہ وارث گلشن کاماٹی پورہ عثمان باغ بندل گوڑہ میں بعد عشاء زیر نگرانی قطب حافظ وارثی سجادہ نشین آستانہ مریم بی وارثی و بارگاہ یزدانی وارثی مقرر ہے ۔ سید مصطفی علی سید ، عبدالرشید ارشد ، سید مقبول علی مقبول ، شاکر گوڈر شاہی ، شرف الدین ارشد ، برہان الدین وارثی ، سید شوکت علی شوکت بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔۔

 

علم و عمل کے ذریعہ ہی بہترین خاندان و معاشرہ کی تعمیر و تشکیل ممکن
ایم جی اے کے تعارف اسلام کلاسیس کا اختتام ، کارکنات و اسکالرس کے خطابات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : انسان کی زندگی کا اصل مقصد اللہ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنا ہے اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کا ایک ہی راستہ ہے اس کی بندگی ۔ بندگی بجالانے کے لیے علم کا ہونا بہت ضروری ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک بہترین اور افضل عبادت علم سیکھنا ہے ۔ اللہ کے رسول ؐ نے فرمایا ’ علم کی فضیلت عبادت کی فضیلت سے زیادہ ہے ‘ ۔ طبرانی میں آیا ہے کہ ’ کم علم بہتر ہے اس کثیر عبادت سے جو جہالت کے ساتھ ہو ‘ اور ’ افضل ترین عبادت تفقہ ہے ‘ ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر صوفیہ اکرم رکن مسلم گرلز اسوسی ایشن نے تعارف اسلام کورس کی طالبات کے اختتامی اجلاس کو سلامہ کانفرنس ہال ، پرانی حویلی میں مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ علم اسلام کے لیے اتنا ہی ضروری ہے جتنا زندگی انسان کے لیے اور یہ دین انہی لوگوں کے دلوں پر اثر کرتا ہے جو پختہ علم رکھتے ہوں اور عقل سلیم کے مالک ہوں ۔ محترمہ تہنیت اطہر نے فقہ اسلامی ، مسالک اور اسلام میں حدیث کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ کے آخری رسول محمد ﷺ ہیں ۔ نبی کریم ﷺ اپنے فرائض منصبی کے لحاظ سے معلم ، مربی ، ہادی ، شارع ، قاضی اور حاکم سب کچھ تھے ۔ آپ ﷺ کی زندگی مسلمانوں کے لیے اسوۃ حسنہ ہے ۔ قرآن کریم اور احادیث میں انسان کی زندگی کے ہر عمل کے متعلق رہنمائی کی گئی ہے ۔ قرآن کریم اور احادیث میں کئی جگہ عام پڑھنے والے کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ابھی ایک بات کہی گئی اور اسی بات کو دوسرے مقام پر کسی دوسرے انداز سے پیش کیا گیا ۔ اسی طرح احادیث میں کئی جگہ تضاد اور اختلاف بظاہر نظر آتا ہے حالانکہ وہ تضاد نہیں بلکہ حکم کی تبدیلی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی ہدایت کے لیے اللہ نے کتابیں نازل کیں اور اپنے رسول بھیجے ۔ رسولوں نے لوگوں کے سامنے کتاب الہٰی کے منشاء اور مفہوم کو واضح کیا اور اللہ کے دئیے ہوئے احکام کے مطابق عمل کر کے انہیں دکھایا ۔ انہوں نے لوگوں کے سامنے اپنی زندگی پیش کی تاکہ وہ اچھی طرح اس بات کو سمجھ سکیں ۔ روزمرہ کے چھوٹے چھوٹے اختلافات کو چھانٹ چھانٹ کر قرآن و حدیث کی روشنی میں مسنون طریقہ کے مطابق جو اصول مرتب کیے گئے اسے شرعی اصطلاح میں مسلک کہتے ہیں ۔ جس اصول کی بنیاد اور ربط راست قرآن و حدیث سے ہو وہی چاروں مسالک میں مرتب کیے گئے ہیں ۔ جب تک قرآن و حدیث کے پورے ذخیرے پر گہرائی سے نگاہ نہ ہو اس وقت تک کسی بھی مسئلہ کو سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے ۔ پروفیسر طیبہ سلطانہ نے تاریخ اسلام کے مختلف ابواب کے سنہری پہلوؤں کو اجاگر کیا ۔ محترمہ شمیم فاطمہ نے ملت اسلامیہ کو جہاں بے شمار چیالنجس کا سامنا ہے وہیں ایک چیلنج اہل قرآن ، منکرین حدیث اور قادیانی سے بھی ہے ۔ مخالف اسلام طاقتوں نے مختلف سازشوں کے ذریعہ مسلمانوں کے درمیان بے شمار طبقے ، گروہ اور مذاہب بنادئیے  اور نت نئے طریقوں اور عقائد کے ذریعہ مسلمانوں کی خاص آبادی کو کئی صدیوں سے گمراہ کیا جارہا ہے ۔ گمراہی اور بغاوت اور جہالت اور باطل کے جال میں پھنس کر خود مسلمان باطل کے آلہ کار بنکر اس کے پرچار میں لگے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین کی خلافت کے کئی سال بعد جب اسلامی حکومت کا پایہ تخت بغداد منتقل ہوا ۔ نئے نئے فتنہ کھڑے ہوگئے ۔ اس قسم کے باطل فرقے حق کا روپ دھار کر مسلمانوں کو گمراہ کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ محترمہ ماریہ احمدی ایڈوکیٹ رکن مسلم گرلز اسوسی ایشن نے تمام طالبات اور خواتین کو جو گرمائی تعطیلات میں ایم جی اے کی جانب سے منعقدہ ایک ماہ کے تعارف اسلام کورس کی تکمیل کی ہیں۔ انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ قابل قدر و قابل مبارک ہیں کہ اس چلچلاتی اور سخت دھوپ کے باوجود دین علم کو سیکھنے اور سمجھنے میں اپنے قیمتی وقت کو لگایا ۔ اللہ تعالی آپ سب کو اس کورس سے حاصل کی جانے والی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی میں تبدیلی لانے اور اسے اپنے خاندانوں میں رائج کرنے کی توفیق دے ۔ اس کے علاوہ محترمہ رقیہ فرزانہ ، عالمہ محترمہ حفیظ بیگم اور دیگر اسکالرس نے اس اجلاس کو مخاطب کیا ۔ آغاز اجلاس ڈاکٹر صوفیہ عمارہ نے درس قرآن پیش کیا ۔ اسکولس و کالجس کے طالبات کی کثیر تعداد اس اجلاس میں شریک تھیں ۔۔

مدرسہ دینیہ حضرت محی الدین و یسین صاحبہ کا آج اختتامی جلسہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : مدرسہ دینیہ حضرت محی الدین و یسین صاحبہ مسجد غوثیہ گلشن مغل کا نالہ رنگ روڈ کاروان میں 30 روزہ گرمائی تعطیلات دینی تعلیمی کورس کے اختتامی تقریب 25 مئی کو صبح 10 بجے زیر صدارت جناب لائق علی صدر مدرسہ منعقد ہوگا ۔ ڈاکٹر مولانا سید معز الدین قادری شرفی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس موقع پر طلباء دینی تعلیمی مظاہرہ پیش کریں گے ۔ مسابقی امتحانات میں کامیاب طلباء کو انعامات صدر جلسہ اور مہمان خصوصی کے ہاتھوں دئیے جائیں گے ۔ قاری سید زاہد حسین مدرس حافظ منظور عالم ، حافظ محمد انوار عالم کے علاوہ محمد معین الدین شیخ ، مخدوم محمد عظیم اور محمد اسحاق طلباء کی رہنمائی کریں گے ۔۔

جلسہ استقبال رمضان و فضائل
درود شریف
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : جلسہ استقبال ماہ رمضان المبارک ، فضائل درود شریف 25 مئی جمعرات محمد تاج الدین نزد جامع مسجد سالار جنگ کالونی ٹولی چوکی بعد نماز مغرب جلسہ استقبال رمضان و فضائل درود شریف مقرر ہے ۔ قرات کلام پاک حافظ محمد گیسودراز قادری امام مسجد عائشہ ظہور ، نعت شریف حافظ محمد شعیب قادری مہمان عالم دین مفتی محمد شرف الدین قادری ( شیخ التفسیر مدرسہ باب العلم انوار محمدی ) کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

تراویح کے لیے
انجمن میں حفاظ کے انتظامات جاری
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : کل ہند انجمن حفاظ کے پریس نوٹ کے مطابق ماہ صیام میں نماز تراویح کے لیے حفاظ کرام کے انتظامات جاری ہیں ۔ اضلاع اور شہر کی مساجد کے علاوہ دیگر مقامات پر نماز تراویح کا اہتمام کرنے والی انتظامی کمیٹیاں اور ذمہ دار حضرات جو حفاظ کرام کے خواہش مند ہیں ۔ دفتر انجمن حفاظ جامع مسجد افضل گنج کے امام و خطیب مولانا سید شاہ انعام الحق قادری سے بالمشافہ یا فون نمبر 9666991394 کے علاوہ مولانا حافظ عبدالباسط یمانی امام مسجد پرنس شہامت جاہ میں عصر تا عشاء بالمشافہ یا فون 9346671424 پر ربط کریں ۔۔

 

اسلام میں احسان کا مفہوم تقویٰ
حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہؒ کی حیات و تعلیمات پر سمینار ، ڈاکٹر محمد مصطفی شریف کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( راست ) : قطب الاقطاب حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہ ؒ کی حیات طیبہ اور تعلیمات زندگی کی پرخطر وادیوں میں بھٹکنے والوں کے لیے راہ نجات ہے ۔ آپ کا فیضام کرم ہر خاص و عام کے لیے رہا ۔ آپ کا مقصد بندگان خدا کو رضائے الہٰی کے حصول کی راہ پر لگانا اور اپنے آقا حضور اکرمﷺ کی نگاہ التفات کا حقدار بنانا تھا ۔ ڈاکٹر محمد مصطفی شریف ڈائرکٹر دائرۃ المعارف کل رات ریاض مدینہ مصری گنج میں حضرت خواجہ محبوب اللہ ؒ کے 125 ویں عرس شریف کے سلسلہ میں منعقدہ سمینار کو بحیثیت مہمان مقرر مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ والوں کا مشن عبد و معبود کے رشتہ کو اٹوٹ اور استوار کرنا اور پیغام محمدیؐ کو ہر دل کی دھڑکن بنانا رہا ہے ۔ چنانچہ حضرت خواجہ محبوب اللہ نے بھی اپنے کردار و عمل اور فرمودات کے ذریعہ سینکڑوں لوگوں کی زندگیوں کو باطل کے اندھیروں سے نکال کر حق کے اجالوں سے ہمکنار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں احسان کا مفہوم نہایت وسیع اور جامع ہے ۔ عبادات ہوں کہ زندگی کے معاملت ہمیشہ یہ خیال و احساس رہے کہ اللہ تعالی ہمیں دیکھ رہا ہے اور اسی کا نام تقویٰ  ہے ۔ چنانچہ بزرگان دین نے اپنے وابستگان کو یہی تعلیم دی کہ وہ نفسانی خواہشات کو ترک کریں ، حرص و ہوس سے باز آئیں ، ریاکاری ، تکبر ، خود پسندی ، جھوٹ ، بے کار گفتگو ، غیبت ، حسد اور اس زمرہ کی تمام برائیوں سے محفوظ رہیں ۔ مولانا بادشاہ محی الدین نے کہا کہ ہر علاج کرنے والا عجیب تو ہوتا ہے لیکن ہر طبیب حکیم نہیں ہوتا ۔ حضرت خواجہ محبوب اللہ کو طب اور حکمت دونوں میں کمال حاصل تھا ، آپ حکیم رضا علی کے شاگرد رہے اور آپ کے کئی نسخہ جات سے حکیم نابینا اور حکیم سرفراز حسین جیسے نامور اطباء نے استفادہ کیا ۔ حضرت سید محمد صدیق حسینی قادری سجادہ نشین نے سمینار کی نگرانی کی ۔ مولانا سید شاہ غلام قادر قطب حسینی نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ مولانا سید واثق حسینی پاشاہ کی قرات کلام پاک اور جناب سید محمد یحییٰ جلیس اور سید سعید احمد ناصر نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔۔