مدور کے مزدور 4 ماہ سے اجرتوں سے محروم

حسن آباد۔/29مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن میں شامل مدور منڈل کے مختلف مواضعات میں قومی ضمانت روزگار اسکیم سے مربوط مزدور گزشتہ 4 ماہ سے کام کی انجام دہی کے باوجود اپنی اجرتوں سے متعلقہ حکام کی مبینہ غفلت و تساہلی کے باعث محروم ہیں۔ اس ضمن میں مزدوروں نے متعدد بار منڈل حکام کو واقف کروایا۔ تاہم مسلسل انتخابی مراحل کے پیش نظر کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے۔ مدور منڈل کے موضع بیکل کے مقامی سرپنچ مسٹر کے بالا راجو نے آج اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر سریش بابو سے تحریری نمائندگی کرتے ہوئے موضع بیکل کے مزدوروں کو فی الفور اجرتیں جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ یادداشت کو قبول کرتے ہوئے انہوں نے مدور منڈل کے منڈل حکام و ڈاک خانہ حکام کو فوری قومی ضمانت روزگار فنڈز سے مزدوروں کو اجرتیں جاری کرنے کا حکم دیا۔